بشریٰ ، زرتاج ،سلمان اکرم ودیگر کی ضمانت میں توسیع
اسلام آباد( اپنے نامہ نگار سے )انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی، زرتاج گل، سلمان اکرم راجا،عالیہ حمزہ اور دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران زرتاج گل، سابق وزیر اعظم آزادکشمیر عبدالقیوم نیازی، شعیب شاہین علی بخاری، نادیہ خٹک و دیگر عدالت پیش ہوئے ،جبکہ بشریٰ بی بی، سلمان اکرم ، عالیہ حمزہ، شیر افضل مروت، عمر ایوب کی جانب سے حاضری استثنیٰ کی درخواستیں دی گئیں، جو عدالت نے منظور کرلیں، عدالت نے تمام ملزموں کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت5 مئی تک ملتوی کردی۔دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کر دی ۔ انسدادِدہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا ۔عدالت نے پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض راجہ بشارت کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اگلی سماعت سے پہلے شامل تفتیش ہو جائیں، عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 5 مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ توڑ پھوڑ کے دو مقدمات میں سرنڈر ہوجانے پر سابق صوبائی وزیر پنجاب راجہ بشارت کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے ۔