کارپوریٹ فارمنگ کیلئے کسی نہر سے پانی نہیں دیا جائیگا، مراد شاہ

کراچی (سٹاف رپورٹر،این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری اور کابینہ اراکین کے ہمراہ یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کینالز نہیں بننے دے گی،بلاول بھٹو قوم کو اعتماد میں لینگے ، پانی کے مسئلے پر وفاق سی سی آئی کا اجلاس بلائے ،سکھر موٹروے کی تعمیر میں تاخیر پر تحفظات ہیں، قوم دشمن قوتوں کیخلاف متحد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت قومی سلامتی اور ترقی کے لیے پرعزم ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ کے لیے مختص زمینوں کو بھی کسی نہر سے پانی نہیں دیا جائے گا اور کسی بھی بستی کو بے گھر نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کسی بھی منصوبے کو سندھ حکومت کی منظوری کے بغیر شروع نہیں کر سکتی کیونکہ اس سے ترقیاتی منصوبوں میں تضاد پیدا ہوتا ہے ۔علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یقین دلاتا ہوں ملک و قوم کے حالات بہت جلد بدلنے والے ہیں، پاکستان میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز جلد شروع ہوگا۔ ہم مربوط پالیسی اور اصلاحات سے پاکستان کو مضبوط معیشت بنائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ دشمن ہمارے ملک کو کمزور کرنا چاہتا ہے ، دہشت گردی کا مقابلہ صرف فورسز نہیں پوری قوم کو کرنا ہوتا ہے ، میں ہر ایک شخص سے اپیل کرتا ہوں کہ مل کر ملک کی ترقی کا جذبہ پیدا کریں۔