توشہ خانہ ٹو :سماعت بار بارملتوی ،وجوہات کیلئے درخواست دائر

راولپنڈی ،اسلام آباد(خبرنگار،رضوان قاضی) بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بار بارملتوی کرنے پر عدالت سے وجوہات بتانے کیلئے درخواست دائر کردی۔
بیرسٹرسلمان صفدر، ارشد تبریز کی جانب سے سپیشل جج سنٹرل کی عدالت میں دائر درخواست میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کروانے اور بانی پی ٹی آئی کی حاضری لگوانے کی استدعا کرتے ہوئے کہاگیاکہ اڈیالہ جیل میں سماعت اچانک منسوخ کردی گئی، 27 فروری اور 11 مارچ کو بھی توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعتیں ملتوی کردی گئی تھیں ،عدالت باقاعدہ وجوہات بتائے ۔قبل ازیں سپیشل جج سنٹرل اسلام آبادکی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی 14اپریل تک ملتوی کردی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بچوں سے رابطے اور جیل میں کتابوں کی فراہمی کیلئے دائر دو الگ الگ درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرلیں اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کرلیا ۔ عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی درخواست ضمانت کی سماعت 12 اپریل تک ملتوی کردی ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس خان نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف جج زیبا چودھری دھمکی کیس میں سماعت بغیر کارروائی9 اپریل تک ملتوی کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، فیصلہ میں کہاگیاکہ سلمان اکرم راجہ نے انڈر ٹیکنگ دی ،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے آنے والے جیل کے باہر میڈیا ٹاک نہیں کریں گے ،بانی پی ٹی آئی سے منگل اور جمعرات دو روز 45 ، 45 منٹ کی ملاقاتیں کرانے کا حکم بحال کیاجاتاہے