9مئی کے مقدمات سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

9مئی کے مقدمات سپریم کورٹ  میں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد، لاہور (دنیا نیوز، کورٹ رپورٹر) سپریم کورٹ نے 9 مئی کے مقدمات سماعت کیلئے مقرر کر دیئے ۔سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ کا جسمانی ریمانڈ نہ دیئے جانے کے خلاف اپیل کی سماعت 14 اپریل کو ہو گی۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چودھری کی درخواست ضمانت پر سماعت 15 اپریل کو ہو گی جبکہ اسد قیصر کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر اپیل پر سماعت بھی 15 اپریل کو ہو گی،چیف جسٹس سپریم کورٹ یحیی آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا، بینچ پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں اوررہنماؤں کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر بھی سماعت کرے گا۔لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے 8 مقدمات میں ضمانتوں پر سماعت ہو ئی ۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کر لئے ۔عدالت نے 14 اپریل کو پراسیکیوشن کو دلائل کے لیے طلب کرلیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے اپنے دلائل دئیے ۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔ بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں پر سماعت کے موقع پر وکلا اور پی ٹی آئی ایم پی ایز کی بڑی تعداد بھی لاہور ہائیکورٹ موجود رہی۔نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے نو مقدمات کا جیل ٹرائل ،عدالت نے جناح ہاؤس کے باہر گاڑی جلانے کے مقدمے میں چار گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے سماعت 14 اپریل تک ملتوی کردی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں