9مئی:بانی پی ٹی آئی کی ضمانت بحالی کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل خارخ

9مئی:بانی پی ٹی آئی کی ضمانت بحالی کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل خارخ

اسلام آباد( اپنے نامہ نگار سے ، دنیا نیوز)سپریم کورٹ نے نو مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت بحالی کیخلاف دائر پنجاب حکومت کی اپیل خارج کردی ۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے فوٹو گرامیٹک، پولی گرافک اور وائس میچنگ ٹیسٹ سے متعلق معاملہ دوسرے بینچ کو منتقل کردیا ۔

 چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نو مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کیلئے دائر اپیلوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر پنجاب ذوالفقار نقوی اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے ۔ ذوالفقار نقوی نے موقف اپنایا جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی پیروی نہیں کرتے ، صرف تین ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی جائے ، بانی پی ٹی آئی کے جیل میں فوٹوگرامیٹک، پولی گرافک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرنے ہیں۔ سپیشل پراسیکیوٹر پنجاب ذوالفقار نقوی نے کہا بانی پی ٹی آئی نے جیل میں تعاون نہیں کیا، انہیں پابند بنایا جائے ۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیئے یہ بات نہ کریں کہ جیل میں ملزم تعاون نہیں کرتا۔ وکیل سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا اب تو معاملہ فرد جرم تک پہنچ گیا ، ریمانڈ تو بہت پیچھے رہ چکا ، بانی پی ٹی آئی سے ہدایات لینے کا موقع دیا جائے ۔ بانی پی ٹی آئی کیخلاف تین سو مقدمات چل رہے ہیں، عدالت موجودہ کیس میں ہدایات کیلئے خصوصی حکم نامہ جاری کرے ۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیئے اس بار آپ کی ملاقات بغیر کسی حکم کے ہوگی، دیکھتے ہیں بغیر حکم کے ملاقات کرنے دی جاتی ہے یا نہیں۔

عدالت نے مقدمہ 23 اپریل کو دوسرے بینچ میں مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ کیس کی آئندہ سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری بحالی کیخلاف پنجاب حکومت کی جانب سے دائر اپیلیں غیر موثر ہونے کی بنیاد پر خارج کر دیں۔سپریم کورٹ نے شیخ رشید احمد کی بریت کی درخواست مسترد ہونے کیخلاف اپیل کی سماعت 22اپریل تک ملتوی کردی ۔سپریم کورٹ نے نو مئی مقدمہ سے بریت کیخلاف اپیل پر ملزمہ صنم جاوید کو نوٹس جاری کردیا ۔چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے صنم جاوید کی نو مئی مقدمہ سے بریت کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا عورت ہے ، ان کا جسمانی ریمانڈ کیوں درکار ہے ؟ عدالت نے نو مئی مقدمہ سے بریت کیخلاف اپیل پر صنم جاوید کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ نے فواد چودھری کو نو مئی سے متعلق مقدمات کو یکجا کرنے کیلئے دائر درخواست پر تیاری کیلئے آج تک کا وقت دے دیا ہے ۔سپیشل جج سنٹرل کی عدالت نے بیٹوں سے ہفتہ وار بات کرانے اور طبی معائنہ سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی 2 درخواستوں پرتحریری فیصلہ جاری کردیا۔سینئر سپیشل جج سنٹرل ایف آئی اے شاہ رخ ارجمند کی عدالت کے تحریری فیصلہ کے مطابق عدالت 10 جنوری اور 28 جنوری کو بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کا حکم دے چکی ہے ،سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کرے ۔بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ 3 ڈاکٹرز عاصم یوسف ، ڈاکٹر فیصل سلطان، اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی سے کروایا جائے ،جیل میں تعینات ڈاکٹرز کی زیر نگرانی تینوں ڈاکٹرز بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ کریں گے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت درخواستیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کے لیے متفرق درخواستیں دائر کردی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں