شہدا،غازی ہمارا فخر، احترام ہر ایک کیلئے مقدس :آرمی چیف
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں جن کا احترام ہر پاکستانی کے لیے مقدس ہے ، آج کا امن اور آزادی شہدا کی قربانیوں کی مرہون منت ہے ۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیرمعمولی بہادری اور قوم کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازا۔تقریب میں اعلیٰ فوجی حکام اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، فوجی جوانوں کو میدان جنگ میں جرات و بہادری پر ستارہ امتیاز(ملٹری) اور تمغہ بسالت دئیے گئے ۔شہدا کے میڈلز ان کے اہل خانہ نے وصول کیے ۔آرمی چیف نے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا پاک فوج کے شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں، شہدا کی عزت اور احترام ہم سب پر امانت ہے ، ملک و قوم کا امن و استحکام شہدا کی قربانیوں کا ثمر ہے ۔آرمی چیف نے شہدا کے اہل خانہ کے عزم و حوصلے کی بھی تعریف کی، جنرل عاصم منیر نے شہدا کے اہل خانہ کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا اور کہا ان کے بے مثال جذبے اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
تقریب میں آرمی چیف نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کو سراہا، آرمی چیف نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا۔آرمی چیف نے کہا سکیورٹی فورسز نے متعدد دہشت گرد حملے ناکام بنائے اور اہم دہشت گرد کمانڈرز کو انجام تک پہنچایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی، لاہور اور پشاور کے کور ہیڈ کوارٹرز میں بھی پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو ان کی بہادری اور شاندار خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازنے کی تقاریب منعقد ہوئیں۔ان تقاریب میں پاک فوج کے اعلٰی افسروں اور اعزازات حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
جنہوں نے شاندار خدمات پر 10 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)، 4 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری)اور 16 سپاہیوں کو تمغہ بسالت سے نوازا۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ، ہلال امتیاز (ملٹری)نے اعزازات تقسیم کیے ، 3 جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور 24 سپاہیوں کو مادر وطن کے لیے ان کی عظیم قربانیوں پر تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔28 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)اور 72 افسران کو شاندار خدمات پر تمغہ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا، شہدا کے قریبی رشتہ داروں نے ان کے ایوارڈز بعد از مرگ وصول کیے ۔پشاور میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے اعزازات تقسیم کیے ، 2 شہید جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور 47 سپاہیوں کے رشتہ داروں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔شاندار خدمات سرانجام دینے پر 4 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)اور 11 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔