پاکستان میں ہمیشہ معیاری فاسٹ بولرز پیدا ہوئے :والش
رضا میں رفتار اور صلاحیت ہے ، تاہم اسے کنٹرول بہتر بنانے کی ضرورت
کراچی(سپورٹس ڈیسک)سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کورٹنی والش نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ معیاری فاسٹ بولرز پیدا ہوتے رہے ہیں، شاہین آفریدی مکمل بولر ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں فاسٹ بولرز کی کامیابی کے پیچھے یہاں کے حالات اور مہارت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ سے معیاری فاسٹ بولرز موجود رہے ہیں، ماضی میں سرفراز نواز، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے بولرز نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جبکہ نوجوان کھلاڑی بھی اسی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔شاہین آفریدی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کورٹنی والش نے کہا کہ شاہین ایک ایسے بولر ہیں جو اپنی بنیادی چیزوں پر توجہ دیتے ہیں اور مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھاتے ہیں، جو کسی بھی فاسٹ بولر کی سب سے بڑی خوبی ہوتی ہے ۔انہوں نے پاکستان کے دیگر نوجوان فاسٹ بولرز کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان میں بھی بھرپور صلاحیت موجود ہے ۔کورٹنی والش نے کہا کہ پی ایس ایل میں ماحول بہت اچھا ہے اور کھلاڑیوں کا رویہ بھی مثبت ہے اپنی ٹیم کے نوجوان بولر رضا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں رفتار اور صلاحیت موجود ہے ، تاہم اسے اپنا کنٹرول بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور مستقبل میں وہ ایک اچھا بولر بن سکتا ہے ۔