پنجابی کلچر اور روایات پر فخر،بھنگڑے کا کوئی جوڑ نہیں:مریم نواز

پنجابی کلچر اور روایات پر فخر،بھنگڑے کا کوئی جوڑ نہیں:مریم نواز

لاہور(اپنے نامہ نگار سے )وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاہے کہ مجھے اپنے ملک سے پیار ہے پنجاب کی مٹی ،روایا ت اور کلچر سے پیار ہے ،دنیا بھر کامیوزک سن لیں اور پرفارمسنز دیکھ لیں، پنجابی میوزک، گانوں اور بھنگڑے کا کوئی مقابلہ یا جوڑ نہیں ہے۔

ہمیں انگریزی سیکھنی اور بولنی چاہئے لیکن اپنی پنجابی اور اردو زبان کو بھی فخر سے بولنا چاہئے ۔الحمراء آرٹس کونسل میں پنجاب دیہاڑ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ پنجابی بولنے اورکہلانے پر ہر ایک کو فخر ہونا چا ہئے ،جلاوطنی کے دوران بارش میں پنجاب کی مٹی کی خوشبو کو یادکر کے رویا کرتی تھی۔ پنجاب کے لوگ سب ہمارے اپنے ہیں،پنجاب اورپنجابی ہماری پہچان ہے ،اسے بھول نہیں سکتے ۔مریم نوازشریف نے کہا کہ ساری زبانیں اور موسیقی اچھی ہے مگر ٹور پنجابن دیکا کوئی جواب نہیں،بھنگڑے کا کوئی میوزک اوررقص مقابلہ نہیں کرسکتا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب کے فنکاروں کیلئے ایسا کرنا چاہتی ہوں کہ مثال بن جائے ،مریم اورنگزیب،عظمیٰ زاہد بخاری اورسب ملکربیٹھیں اورفنکاروں کیلئے پروگرام لائیں۔پنجاب میں کئی دہائیوں کے بعد میلوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا ہے ۔

مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ 30سال بعد ہارس اینڈ کیٹل شو شروع ہوا، میلہ چراغاں کئی سالوں بعد بحال ہوا، محمد نوازشریف اورمحمد شہبازشریف کی قیادت میں سالوں کا جمودٹوٹ گیا،ترقی شروع ہوئی۔اکانومی ڈوبنے کی آواز نہیں آتی بلکہ بجلی کے نرخ اورمہنگائی کم ہونے کی باتیں سامنے آرہی ہیں۔ہر و قت کہا جاتا تھا پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا،اکانومی ختم ہوجائے گی لیکن آج مہنگائی میں کمی اورترقی کی آوازیں اٹھ رہی ہیں اورانویسٹر پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہرجگہ صفائی،ترقی اورسہولتیں نظر آرہی ہیں،سٹاک ایکسچینج ریکارڈ قائم کررہی ہے ۔آج ہم جو عوام پر خرچ کررہے ہیں،یہ پیسہ ہر حکومت کے پاس تھا،مگر عوام پر خرچ نہیں کیاگیا۔مریم نواز نے کہا کہ وسائل وہی ہیں،بہت زیادہ نہیں بڑھے مگر محب وطن حکومت کی وجہ سے حالات بد ل گئے ۔

پنجاب کے لوگوں کے علاج،تعلیم،روزگار اورسہولتوں کیلئے سوچتی ہوں،ہر وقت یہی کوشش ہے کہ آٹا،روٹی اورسبزی دالوں وغیرہ کی قیمتیں کم رہیں۔والدین کا احترام اوران کی دعا آپ کو ترقی کے عروج پر لے جا سکتی ہے ،میں اس کی مثال ہوں۔انہوں نے کہاکہ دعا ہے کہ ہمار املک ہر آنے والے دن میں آگے بڑھے اورترقی کرے ،اقوام عالم میں اپنا مقام بنائے ۔ اللہ تعالیٰ پنجاب اوراہل پنجاب کو ہمیشہ ہنستا مسکراتا رکھے ۔قبل ازیں پنجاب میں پہلی تین روزہ رنگا رنگ تقریبات کا شالا وسدا روے پنجابکے نام سے الحمراآرٹس کونسل میں آغاز ہوگیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے محکمہ اطلاعات وثقافت کے زیر اہتمام پنجاب دیہاڑ کی اس تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈھول کی دھمک،سجے سجائے گھوڑے ، اونٹوں کا مست رقص اور فوک موسیقی بھی پیش کی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے استاد اللہ بخش گیلری میں پنجاب کے حسین نظاروں پر مشتمل آرٹ نمائش کا افتتاح بھی کیا۔وہ تقریب میں سہیل اصغر، راشد محمود، عارف لوہار ، ریشم اور دیگر فنکاروں کے درمیان بیٹھ گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں