ملک آگے لیجانے کیلئے پارلیمانی نظام مضبوط کریں:گورنرپنجاب

ملک آگے لیجانے کیلئے پارلیمانی  نظام مضبوط کریں:گورنرپنجاب

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنرپنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ مشکل صورتحال میں نظریہ مقدم رکھنا ہی سیاست ہے ۔ملک کو آگے لیجانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر پارلیمانی نظام کو مضبوط کریں۔

 قانون کی بالادستی کیلئے وکلا نے تاریخی جدوجہد کی۔ان  خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی جانب سے اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب میں کیا۔ گورنر نے کہا ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی نے میرا مشکل وقت میں ساتھ دیا،2008 کا الیکشن مشکل تھا مگر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے متحرک کردارپر کامیابی ملی،ڈسٹرکٹ بار سے ہمیشہ قریبی تعلق رہا۔ گورنر ہائوس لاہور کے دروازے بلاتفریق سب کیلئے کھلے ہیں۔ پیپلز پارٹی کارکنوں کی جماعت ہے ، قیادت نے بحیثیت کارکن گورنر بنایا۔ پی پی نے ہی رکشہ ، سائیکل چلانے اور جھگی میں رہنے والوں کو سینیٹر بنایا ، اپنے کارکن پرویز اشرف کو وزیر اعظم بنایا، پارٹی ہمیشہ کارکنوں کو اہمیت دیتی ہے ۔انہوں نے کہا ہر الیکشن میں دھاندلی کا شور اٹھتا ہے ، ہارنے والا احتجاج کرنا شروع کر دیتا ہے جس سے حکومتی کارکردگی متاثر ہوتی ہے ، نظام کو چلانے کیلئے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے کہ اس پر کوئی انگلی نہ اٹھائے ۔ شفاف الیکشن کیلئے سب ملکر اقدامات کریں۔ملکی وقار کیلئے ہر طرح کی قربانی دیتے رہیں گے ۔ تقریب میں صدر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی منظر بشیر، سابق جسٹس قلب حسن شاہ ممبر پاکستان بار کونسل، بشارت اللہ خان وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل، اسد عباسی ممبر پنجاب بار کونسل،ساجد تنولی سیکرٹری جنرل پیپلز لائرز فورم سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں