یکم مئی کو ساڑھے 12لاکھ افراد کیلئے راشن کارڈ:مریم نواز
لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر جدید ترین مصنوعی انسانی اعضا کی ٹیکنالوجی بائیونکس کا آغازکردیاگیا،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے چھ سالہ سہیل کو بائیونکس ٹیکنالوجی کے مصنوعی بازو لگوادئیے اورتمام سرکاری عمارتوں میں سپیشل افراد کیلئے خصوصی ریمپ بنوانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ نے یکم مئی کو پاکستان کا سب سے بڑا راشن کارڈ پروگرام لانچ کرنے کا اعلان بھی کیا، ساڑھے 12لاکھ افراد کو 10ہزار روپے دئیے جائیں گے ۔ پنجاب مصنوعی اعضامیں دماغ کے سگنل کے مطابق حرکت دینے کی صلاحیت والی بائیونکس ٹیکنالوجی کے ذریعے معذور افراد کی بحالی اوران کی زندگیوں کو عام افراد کی طرح فعال بنانے کی صلاحیت رکھنے والا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیشل افراد کیلئے معاون آلات کے سب سے بڑے پراجیکٹ کا افتتاح کیا ۔وہ تقریب کے دوران کرنٹ لگنے سے کہنی کے نیچے بازو سے محروم سہیل کو سٹیج پر خودلے کر آئیں اورمصنوعی بازولگنے کے بعد سہیل نے پہلی مرتبہ اپنے دونوں ہاتھوں کو حرکت دی۔ وزیراعلیٰ نے تقریب میں موجود 300سے زائد سپیشل افراد کو خود کار وہیل چیئر، پیڈز وہیل چیئر،ٹرائی وہیل سکوٹی اور دیگر معاون آلات دئیے ۔ مریم نواز نے اپنے خطاب کے دوران تمام سرکاری عمارتوں میں سپیشل افراد کیلئے خصوصی ریمپ بنوانے کا حکم دیا،ان کاکہناتھاکہ سپیشل افراد کے لئے عمارتوں میں ریمپ نہ بنوانا ان کا احترام نہ کرنے کے مترادف ہے ۔
میں اپیل کرتی ہوں کہ کوئی بھی سپیشل افراد کی معذوری کا مذاق نہ بنائے اور نہ انہیں اس حوالے سے کوئی نام دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ یکم مئی کو پاکستان کا سب سے بڑا راشن کارڈ پروگرام لانچ کریں گے ، ساڑھے 12لاکھ افراد کو 10ہزار روپے دئیے جائیں گے ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پانچ ماہ میں 30ہزار گھراپنی چھت،اپنا گھر پراجیکٹ‘‘کے تحت بن رہے ، پاکستان کی تاریخ میں کوئی بھی حکومت عوام کے لئے 3 ہزار گھر بھی نہیں بنا سکی،سال کے آخر تک ایک لاکھ گھر بنانے کا ہدف حاصل کریں گے ۔ جن کے پاس زمین نہیں، ان کو تین مرلے کے مفت پلاٹ ملیں گے ، ہر اس شخص تک پہنچناچاہتی ہوں جو ریاست کا انتظار کررہا ہے ، اب ریاست کارخ عوام کی طرف ہے ۔ حکومت کے پاس وسائل ہوتے ہیں اگر پہنچنا چاہے تو ضرورت مندوں تک پہنچ سکتی ہے ۔
مریم نواز نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا کام ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر دفتر میں بیٹھنا نہیں،سی ایم کا کام ہے کہ وہ عوام کے درمیان موجود رہے اور ان کا حال جانے ۔ ریاست کے وسائل طاقتور وں کے لئے نہیں بلکہ کمزور لوگوں کے لئے ہوتے ہیں۔ بعدازا ں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اپنی چھت اپناگھر پروگرام پرجائزہ اجلاس ہوا ،جس میں بتایاگیاکہ پراجیکٹ نے نئے ریکارڈ بنا دئیے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ مختصر ترین مدت میں اتنے زیادہ گھر بننے کا ریکارڈقائم ہوا ،پانچ ماہ میں 28219 گھرانوں کو 30 ارب کے بلاسود قرضے مل گئے ،23ہزار500سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔وزیراعلیٰ نے اپنی چھت،اپنا گھرپروگرام لون کا پراسیس مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اورگھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ ہر صورت پورا کرنے کا حکم دیا۔