تمام اضلاع میں لیڈیز بار رومز بنیں گے :چیف جسٹس عالیہ نیلم

لاہور (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے کہا پسماندہ و دور دراز علاقوں کی عدالتوں کی ترقی اورخواتین وکلا کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے ، پورے پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ لیڈیز بار رومز بنانے کا عمل شروع ہو چکا ہے ۔
چیف جسٹس سے پنجاب کی مختلف ضلعی و تحصیل بار ایسوسی ایشنز نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتی نظام کی بہتری کیلئے ضروری ہے کہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں بار ایسوسی ایشنز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ،خواتین وکلاکو محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرنا عدلیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ خواتین وکلا کی سکیورٹی ہمارے لئے بہت اہم ہے اور اس معاملے میں ایک لمحے کا بھی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔صوبائی حکومت کے تعاون سے خواتین وکلا کے لئے بار رومز اور ڈے کیئر سنٹرز بنانے کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔
اس وقت آٹھ اضلاع و تحصیلوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ لیڈیز بار رومز زیر تعمیر ہیں، جو بہت جلد مکمل ہو جائیں گے ۔ لیڈز بار رومز بنانے کا آغاز دور دراز اور پسماندہ اضلاع و تحصیلوں سے کیا گیا ہے ۔ مختلف مراحل میں پورے پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں لیڈیز بار رومز بنائے جائیں گے ۔ملاقات میں صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ساہیوال ملک سعید احمد ساگھلہ، صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن شجاع آباد راؤ شکیل احمد، صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن عیسیٰ خیل ظفر اقبال، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی چودھری شعبان اور صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن سمبڑیال رانا سمیع اللہ اختر سمیت بار ایسوسی ایشنز کے دیگر عہدیدار بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ امجد اقبال رانجھا بھی موجود تھے ۔