بانی پی ٹی آئی کی رہائی میرا سب سے بڑا مشن:علی امین
وزیرآباد(نا مہ نگار)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی لاہور آمد پر انصاف لائرز فورم پاکستان کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی جس میں انہوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قومی اسمبلی محمد احمد چٹھہ کی رہائش گاہ پہنچے جہاں آئی ایم ایف کے وفد سے ان کی اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر اعلیٰ نے سابق سپیکر قومی اسمبلی حامد ناصر چٹھہ اور سابق گورنر و رکن قومی اسمبلی میاں اظہر محمود سے بھی خصوصی ملاقات کی اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ملک گیر مؤقف کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ان کا سب سے بڑا مشن ہے ۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان میں بانی پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی ایسا رہنما نہیں جو 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کا صحیح حق ادا کر سکے ،انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کو قومی اہمیت کا حامل مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس کے بغیر پاکستان کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ساکھ بہتر نہیں ہو سکتی ،انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔