زیر وپولیو کیس ہدف ‘ہر بچے کوقطرے پلائیں: مریم نواز

زیر وپولیو کیس ہدف ‘ہر بچے کوقطرے پلائیں: مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں زیروپولیو کیس کا ہدف مقرر کر دیا،انہوں نے انسداد پولیو ویکسی نیشن مہم کے دوران مسنگ چلڈرن کا تناسب بھی زیرو کرنے اورڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ علاقوں میں انسداد پولیو مہم کو موثر بنانے کے لئے اقدامات کی ہدایت بھی کی ۔

 مریم نوازشریف نے اینٹی پولیوویکسی نیشن مہم پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کو انسداد پولیو ویکسی نیشن کے مائیکروپلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیاہے ،کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے ،مشترکہ کوشش سے زیرو پولیو کا ہدف باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے ، کسی بھی بچے کا پولیو کے رسک پر ہونا ہر گز گوارا نہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز سے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا نے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، تجارت، تعلیم اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے یورپی یونین کو تعلیم، آئی ٹی، گرین انرجی اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیش کش کی جبکہ تجارت، امن، ترقی اور مشترکہ اہداف کے لئے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیاگیا۔مریم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ قابل اعتماد دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، یورپی یونین پاکستان کا شراکت دار ہی نہیں بلکہ دنیا میں استحکام کی آواز بھی ہے ۔ پنجاب پاکستان کی معیشت کا دل ہے ، سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول مہیا کر رہے ہیں۔زراعت، توانائی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی منصوبوں میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کا نوجوان باصلاحیت اور متحرک ہے ، عالمی جاب مارکیٹ سے منسلک کرنے کے لئے ٹریننگ کورسز کرا رہے ہیں جبکہ پاکستان علاقائی و عالمی امن کے لئے پرعزم ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں