معدنیات:ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے قابل عمل منصوبہ تیار کریں:مریم نواز
لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لوکل اورفارن انویسٹر کے لئے آسان اورقابل عمل منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی اور معدنیات کے خزانے کی سرویلنس موثر بنانے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ کا جا ئزہ اجلاس ہوا جس میں راک سالٹ سے ویلیو ایڈڈمصنوعات کیلئے سپیشل اکنامک زون کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پلسر گولڈاورآئرن سے متعلق جامع بزنس پلان طلب کرلیا ہے ۔اجلاس میں قائدآباد میں سپیشل اکنامک زون کو 10 سال کے لئے ٹیکس فری قرار دینے کا بھی جائزہ لیاگیا۔قائد آبادسپیشل اکنامک زون میں بنیادی انفراسٹرکچر بھی فراہم کیا جائیگا۔وزیراعلیٰ کے زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی(پیرا)کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر اہتمام ٹریننگ ونگ قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کو 30ستمبر تک صوبہ بھر میں فنکشنل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت صوبہ بھر میں انفورسمنٹ سٹیشن قائم کیے جائیں گے ۔
پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی مئی میں لاہورڈویژن میں فعال ہوگی۔ پیراتجاوزات کے خاتمے ،پرائس کنٹرول اوردیگر امورسرانجام دے گی۔ 14اگست تک پیراکو تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں فعال کردیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال،ملکی صورتحال، قیام امن اور صوبائی ترقیاتی پراجیکٹس پر بات چیت کی گئی۔ مریم نواز نے سابق نگران وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نوجوانوں کو تعلیم، آئی ٹی ٹریننگ، انٹرنشپس اور روزگار کی سہولتوں سے ایمپاور کیا جا رہا ہے ۔صحت کا شعبہ اور قیام امن پہلی ترجیحات میں شامل ہے ۔
سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پنجاب میں شعبہ صحت میں جاری اصلاحات کو بھی سراہا۔سابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صحت اور تعلیم کے شعبہ میں انقلابی پراجیکٹس متعارف کرائے ہیں۔ارتھ ڈے پراپنے پیغام میں مریم نوازنے کہا کہ زمین کو محفوظ بنانے کے لئے آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے ۔پنجاب حکومت قدرتی مسکن کی حفاظت کے مشن میں سب سے آگے ہے ۔ زمین صرف ہماری نہیں، آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے ۔ زمین کے تحفظ کے لئے ہمیں قدرتی وسائل اور درختوں کو بچانا ہے ۔ حکومت پنجاب نے زمینی ماحولیاتی تحفظ کو اپنی پالیسی کا مرکزی حصہ بنایا ہے ۔ زمین کے تحفظ کیلئے سرسبز پنجاب مہم کے تحت لاکھوں درخت لگائے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان کی پہلی سمارٹ انوائرمنٹ فورس قائم کردی گئی ہے ۔ کارخانوں کی نگرانی کی جارہی ہے ، فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لئے سپر سیڈر دئیے جا رہے ہیں۔