فورتھ شیڈول ،عادی مجرموں کو ٹریکنگ ڈیوائس پہنانے کا فیصلہ
لاہور(کرائم رپورٹر)محکمہ داخلہ پنجاب نے جرائم پیشہ افراد کی نگرانی اور امن و امان کے قیام کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ، عادی مجرموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو ٹریکنگ ڈیوائسز پہنائی جائیں گی تاکہ ان کی نقل و حرکت کی نگرانی ممکن ہو سکے ۔
بتایاگیاہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے 1500 ٹریکنگ بینڈز کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، سی ٹی ڈی اور پیرول ڈیپارٹمنٹ کو فراہم کئے جارہے ہیں ،نئے تشکیل شدہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو 500 ٹریکنگ بینڈز دئیے جائیں گے ۔ سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ)کو 900 اورپیرول ڈیپارٹمنٹ کو 100 بینڈز دینے کی منظوری دی گئی ۔محکمہ داخلہ کے مطابق ان ٹریکنگ ڈیوائسز کی مدد سے جرائم پیشہ افراد کی ہر لمحے کی نگرانی ممکن ہوگی جو کہ عالمی سطح پر رائج سرویلنس نظام کے مطابق ہے ۔ اس حوالے سے سیکرٹری داخلہ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس کے دوران مائیکرو ٹریکنگ چِپ نصب کرنے کی سفارش کی گئی تھی ۔