بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے چار سابق فوجی افسروں کا عدالت سے رجوع
راولپنڈی(خبر نگار) بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے پاک فوج کے چار سابق جنرلز کی جانب سے ملاقات کی اجازت لینے کے لئے بذریعہ وکیل انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع کیا گیا ۔
عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث درخواست وصول نہ ہو سکی ۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے مارگلہ روڈ اسلام آباد کے رہائشی مسعود مرزا علی خان برکی نے تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ میں سپرنٹنڈٹ اڈیالہ جیل کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے پرانے تعلقات اور ملکر کام کرنے والے چار افراد جن میں میجر جنرل ریٹائرڈ مسعود برکی ، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ زاہد اکبر،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سکندر افضل اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فاروق خان اب جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں اوربانی سے چند اہم امور پر ملاقات کرنی ضروری ہے ، عدالت سے استدعا ہے بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات کی اجازت دے دی جائے ، اہم اور قومی ایشوز پر جلد از جلد ملاقات کا انتظام کروایا جائے ۔