کوئٹہ :دھماکا،4ایف سی اہلکارشہید ،پشین اور بنوں میں 15دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی ،اسلام آباد،کوئٹہ (خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس سے 4 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
جبکہ ضلع پشین کے علاقے خانئی بابا میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران 9دہشت گردوں اورخیبرپختونخوا کے ضلع بنو ں میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن میں 6خوارج کو ہلاک کردیا۔تھانہ ہنہ اوڑک پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں ایف سی کے بم ڈسپوزل سکواڈ کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا گیا جسے زمین میں نصب کیاگیاتھا،دھماکے کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی)کے 4 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے ، جنہیں فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔شہید ہونے والوں میں صوبیدار شہزاد امین، نائب صوبیدار عباس، سپاہی خلیل اور سپاہی زاہد جبکہ زخمیوں میں لانس نائیک ظفر، لانس نائیک فاروق اور سپاہی خرم سلیم شامل ہیں۔دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزموں کی تلاش شروع کردی جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے کو بھی طلب کرلیا گیا۔بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانئی بابا میں سی ٹی ڈی نے گزشتہ روز کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد مارے گئے ۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، مارے جانے والے دہشت گرد متعدد مقدمات میں مطلوب تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن بنوں کے علاقے میں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کیا گیا، فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا،شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ۔سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے ۔