بھارت سے کشیدگی، حکومتی فیصلوں کیساتھ کھڑے : وفاقی چیمبر

بھارت سے کشیدگی، حکومتی فیصلوں کیساتھ کھڑے : وفاقی چیمبر

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)سابق وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں شامل تمام صنعت کار متفق ہیں پاک بھارت کشیدگی سے قبل ہم سندھی بلوچی پنجابی اور پٹھان تھے لیکن آج صرف پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا جارہا ہے۔

فیڈریشن چیمبر آف کامرس لاہور میں لاہور سمیت ملک بھر کے صنعتکاروں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس ملک کی سالمیت کیلئے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کریں گے، بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا ہم پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، اس وقت دیگر تمام ایشوز ایک سائیڈ پر رکھ کر اس وقت ہم صرف ملکی مفاد کا سوچیں گے ۔ قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگو نے کہا بھارت نے ایسا ڈرامہ پہلے بھی کیا تھاہم نے انہیں چائے پلا کر واپس بھیجا مگر اس دفعہ ساتھ سینڈوچ کھلائیں گے ،تجارت بند ہونے سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا، صرف فارما سیوٹیکل کی چند اشیا امپورٹ کرتے ہیں وہ کسی اور ملک سے کرلیں گے ،زاہد افتخار نے کہا ہماری بزنس کمیونٹی اپنی جان مال کے ساتھ ہر طرح سے پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ایس ایم تنویر نے کہا فیڈریشن ملک کی اکانومی کے لیے مختلف محاذ پر لڑ رہی ہے ،ہم اپنی فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ہمارا ٹارگٹ ملک کی ایکسپورٹ بڑھانا اور بے روز گاری کو ختم کرنا ہے ہماری پوری بزنس کمیونٹی اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے دیگر عہدیداروں اورصنعتکاروں کا کہنا تھا کہ آج یہاں اکٹھے ہوکر بھارت کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ریاست سے آگے تجارت یا کوئی اور مقصد نہیں ہے ۔ملک بھر کی تاجر برادری نے اعلان کرتے ہوئے دو ٹوک موقف اپنایا کہ پاکستان کی سالمیت اور اس کی حفاظت کیجئے، کاروباری برادری ہر قربانی کیلئے تیار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں