بھارت کی بے حسی،معذور نوجوان کو بغیر علاج کراچی بھیج دیا

بھارت کی بے حسی،معذور نوجوان  کو بغیر علاج کراچی بھیج دیا

کراچی (سٹاف رپورٹر )بھارت نے نفرت کی آگ میں انسانیت کو بھی بھلا دیا، علاج کی غرض سے جانے والے کراچی کے معذور نوجوان کو بغیر علاج مکمل کرائے وطن واپس بھیج دیا۔۔۔

 جبکہ نوجوان کی والدہ اور چچی کو بھارت میں روک کر اہل خانہ کو مزید کرب میں مبتلا کر دیا،35 سال سے مقیم پاکستانی خاتون کو بھی بھارت چھوڑنے کا حکم دیدیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے رضویہ سے تعلق رکھنے والا 16 سالہ ایان 2023 میں پولیس فائرنگ سے معذور ہوا اور، علاج کیلئے 24 مارچ کو والدین کے ہمراہ بھارت گیا، جہاں وہ دہلی کے اندر اپراستہ ہسپتال میں داخل ہوا۔ ایان کے والد محمد عمران کے مطابق ایان اپنے والد، بھائیوں، چچا اور کزنز کے ہمراہ کراچی پہنچ گیا،تاہم اس کی والدہ اور چچی کو دہلی میں روک لیا گیا۔ایان کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایان کی والدہ بھارتی شہری ہیں شادی کے بعد پاکستان آئی تھیں اور ویزا کے تحت کراچی میں مقیم تھیں،بھارتی پاسپورٹ ہونے کی وجہ سے انہیں واپسی کی اجازت نہیں دی گئی ۔دوسری طرف اوڈیشہ کے علاقے بولانگیر میں 35 برس سے مقیم سارادا بائی کو بھارتی حکام نے ملک چھوڑ کر پاکستان جانے کا حکم دے دیا ۔ بائی نے بھارتی حکومت سے اپیل کی کہ میرا پاکستان میں کوئی نہیں ، مجھے یہاں جینے دیا جائے ، میرے دو بچے اور نواسے نواسیاں ہیں ۔ اتر پردیش کی رہائشی ثنا کو بچوں سمیت اٹاری واہگہ بارڈر پر روک لیا گیا۔ ثنا اپنے شوہر ڈاکٹر بلال کے پاس واپس آنا چاہتی تھیں مگر بھارتی حکام نے انہیں سرحد پار کرنے کی اجازت نہ دی۔ثنا کا کہنا ہے کہ وہ 2020 میں بلال سے شادی کے بعد پاکستان منتقل ہوئی تھیں ، حال ہی میں اپنے والدین سے ملنے بھارت آئی تھیں۔ان کے 3 سالہ بیٹے اور ایک سالہ بیٹی کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہیں،ثنا کے پاس بھارتی پاسپورٹ ہے ، اس لئے حکام نے انہیں واپس میرٹھ جانے کا حکم دے دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں