منصوبوں پراخراجات کم کر نے کیلئے کنسلٹنٹ ادارہ بنانے کا فیصلہ
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب حکومت نے منصوبوں بارے مشاورت پر اخراجات کم اور مشاورت موثر بنانے کیلئے کنسلٹنٹ ادارہ بنانے کا فیصلہ کر لیا،پنجاب فنانشل ایڈوائزری سروسز بل 2025 پنجاب اسمبلی میں پیش، متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔
کمیٹی دوماہ میں رپورٹ پیش کرے گی،بعد ازاں بل بذریعہ رائے شماری ایوان سے منظور ہو گاجسکے بعد بل گورنر پنجاب کو منظوری کیلئے بھجوایا جائے گا۔بل کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں معاونت کیلئے سرکاری کنسلٹنٹ فرم بنائی جائے گی۔اس سے قبل منصوبوں کیلئے پرائیوٹ کنسلٹنٹس کی خدمات لی جاتی تھیں جو خزانے پر خاصی بھاری ثابت ہوتی ہیں،نیا ادارہ قائم ہونے سے حکومتی اخراجات میں کمی ہوگی،نیا ادارہ سرکاری محکموں، خودمختار اداروں اور نجی شعبے کو مالیاتی و انتظامی مشورے دے گا، ادارے کا مقصد شفافیت اور بروقت فیصلہ سازی کو فروغ دینا ہو گا،نیا ادارہ مالیاتی پالیسیوں اور منصوبوں کی تیاری میں معاونت کرے گا اوراسکے 13 رکنی بورڈ میں 9 سرکاری ملازمین اور 4 نجی ماہرین شامل ہونگے ،ادارے کا سی ای او اور نجی ماہرین وزیراعلیٰ خود نامزد کرینگی۔ادارے کو سرکاری و نجی ادارے مشورے دینے کی فیس ادا کیا کرینگے ۔