آج سے تعلیمی ادارے کھل جائینگے
لاہور(خبر نگار،آئی این پی)پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور سیز فائر کے بعد آج سوموار سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے اور امتحانات کا سلسلہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ سکول اورہائر ایجوکیشن نے تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔آج سے پنجاب بھر کے سکولز، کالجز اور جامعات میں تدریس شروع ہو جائیگی ۔تمام تعلیمی بورڈ زامتحانات کا دوبارہ آغاز کرینگے ۔ سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری سکولوں پر ہوگا۔تعلیمی بورڈ لاہور کے زیر اہتمام انٹر پارٹ ٹو تھیوری کے امتحانات اورمیٹرک کے پریکٹیکل آج سے شیڈول کے مطابق ہونگے ۔انٹر پارٹ ٹو ڈیٹ شیٹ کے مطابق آج ریاضی ، بیالوجی، فائن آرٹس (مارننگ سیشن )جبکہ سیکنڈ ٹائم بیالوجی ، کمپیوٹر سائنس اور آرٹ اینڈ ماڈل کی عملی ڈیزائننگ کے پرچے ہونگے ۔کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ زاہد میاں کا کہنا ہے کہ امیدوار اپنی رول نمبر سلپس کے مطابق مقررہ امتحانی مراکز پر بروقت پہنچیں۔ملتوی ہونیوالے امتحانات انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو اور میٹرک پریکٹیکل کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔