واہگہ بارڈر پر جشنِ فتح، رینجرز کے جوانوں پر پھول نچھاور بھارت پریڈ سے بھی بھاگ گیا
لاہور(آئی این پی )پاکستان نے بھارت کو ایک تاریخی اورعبرتناک شکست دیکر نہ صرف دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے بلکہ قوم کے حوصلے اور اتحاد کی نئی مثال قائم کر دی۔
اس عظیم کامیابی کا جشن منانے کیلئے اتوار کو ہزاروں پاکستانی شہری واہگہ بارڈر پہنچے جہاں فضا اللہ اکبر، پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔واہگہ بارڈر پرجمع ہونے والوں میں نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی جو سبز ہلالی پرچم اٹھائے ، وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار نظر آئے ۔پریڈ کے اختتام پر شہریوں نے پاک رینجرز کے جانبازوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انہیں ہار پہنائے اور بار بار ہمیں تم پر ناز ہے کے نعرے لگائے ، بزرگ خواتین نے جوانوں کے ماتھے چوم کر انکی قربانیوں اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔لاہور کی طالبہ مریم نے جذباتی انداز میں کہا ہم یہاں بھارت کیخلاف جنگ میں فتح کی خوشی منانے آئے ہیں، امید ہے مودی کے دماغ پر جو جنگ کا بخار سوار تھا، وہ اب اتر گیا ہوگا۔ نوجوان حمزہ نے کہابھارت اب پاکستان کو دوبارہ جنگ کی دھمکی دینے سے پہلے ہزار بار سوچے گا۔ایک خاتون نے پرعزم انداز میں کہا کہ اب بھارت خواب میں بھی پاکستان سے جنگ کا تصور نہیں کرے گا۔پریڈ کمانڈر ناصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا جب سے کشیدگی شروع ہوئی، ہم ہر لمحہ یہاں تیار کھڑے تھے ، آج پھر دشمن کو ہماری طاقت کا اندازہ ہو چکا ہے ۔رینجرز کے ایک جوان علی نے کہا بھارت نے پہل کرتے ہوئے حملہ کیا تو میری ماں نے فون کرکے کہا تھا، بیٹا ڈرنا نہیں، وطن کی حفاظت کیلئے ضرورت پڑنے پر سینے پر گولی کھانا، تمہاری پشت پر گولی لگی تو اپنا دودھ نہیں بخشوں گی۔ میں اور میرے ساتھی دشمن کی ہر سازش ناکام بنائینگے ۔واہگہ بارڈر پر اس دوران بھارتی سائیڈ پر مکمل سناٹا چھایا رہا، دشمن کا سٹیڈیم خالی رہا، بی ایس ایف انڈیا کے جوان پریڈ میں شریک نہیں ہوئے ، خاموشی سے ترنگا اتارا گیا، یہ منظر خود گواہ تھا کہ بھارتی فوج اور قیادت خوفزدہ ہے اور عوام کو بھی پریڈ میں شرکت سے روک دیا گیا۔