بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر، کراچی سے کشمیر تک پاک فوج زندہ باد کے نعرے

بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر، کراچی سے کشمیر تک پاک فوج زندہ باد کے نعرے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نمائندہ دنیا، سیاسی نمائندہ)آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا۔ بھارت کے خلاف کامیابی پر جیت کا جشن منانے کیلئے لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں لوگوں کی بڑی تعداد پرچم تھامے سڑکوں پر نکل آئی اور پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

کراچی سے کشمیر تک ‘‘پاک فوج زندہ باد’’ کے نعرے بلند ہوتے رہے۔ اس موقع پر پاک افواج اور قوم کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ پاک فوج سے یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام نے پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس کے علاوہ کندھ کوٹ، کشمور، فیصل آباد، جھنگ، گوجرانوالہ، رینالہ خورد، چنیوٹ، وہاڑی اور قصور میں پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالی گئیں ، سوات، مہمند، نوشہرہ اور قلعہ بالاحصار میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔مظفر آباد میں بھی جماعت اسلامی کے زیراہتمام مظاہرہ کیا گیا جس میں شرکاء نے ‘‘ کشمیر بنے گا پاکستان’’ کے نعرے لگائے ۔ لاہور میں نولکھا چرچ میں بین المذاہب تشکر ریلی کا اہتمام کیا گیا ، ہندو رہنما پنڈت بھگت لال نے کہا دشمن نے رات گئے حملہ کیا ہماری فوج نے جوابی کارروائی کی ہے ،ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔سرپرست اعلیٰ مرکزی جمعیت علماء اسلام پاکستان مولانا ڈاکٹر اجمل قادری کے حکم پر مرکز اہل حق شیرانوالہ لاہور میں تقریب کا اہتمام کیا گیا اور شکرانے کے نوافل ادا کئے ۔تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام آپریشن بُنْیَانٌ مَّرْصُوْصٌ کی شاندار کامیابی پر جشن فتح منایا گیا۔ مٹھائی تقسیم کی۔

اس دوران فضا تکبیر و رسالت ﷺ، جیوے جیوے پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔پنجابی پختون اتحاد کے تحت افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا۔عمرکوٹ میں بھی جشن منایا گیا،بڑی موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔انجمن غلامان سیدہ زہراء سلام اللہ علیہا کے زیر انتظام مرکزی جامع مسجد سکندریہ ہٹیاں بالا سے ساون تک ''پاک فوج زندہ باد ریلی''کا انعقاد کیا گیا ۔سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں یوم تشکر پر ریلی چکوٹھی سیز فائر لائن پہنچ گئی ۔چکوٹھی بازار میں شرکا کی پاک فوج زندہ باد ،پاکستان زندہ باد کی فلک شگاف نعرے بازی ۔لکی مروت میں فتح کی خوشی میں عوام کی بڑی تعداد نے قومی پرچم اٹھا کر پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے ۔شمالی وزیرستان باجوڑ میں بھی بھارتی جارحیت اور افواج پاکستان کی فتح پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔مردان ،ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک ،سوات میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے اپنی بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔جمعیت علما اسلام جھنگ کے زیر اہتمام بعد از نماز عصر مدرسہ علوم شرعیہ سے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انڈین جارحیت کیخلاف بڑی ریلی نکالی گئی ۔امریکا ، لندن ، آ سٹریلیا ، ترکی اور دیگر بیرون ملک پاکستانیوں نے بھی اظہار تشکر منایا اور ریلیاں نکالیں ۔آذربائیجان میں عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی بھارتی فضائیہ پر حالیہ کامیابی کا جشن منایا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں