سہ فریقی فورم : پاک چین سفیروں کی افغان وزیرداخلہ سے ملاقات

سہ فریقی فورم : پاک چین سفیروں کی افغان وزیرداخلہ سے ملاقات

اسلام آباد(این این آئی)سہ فریقی فورم کے تحت پاکستان اور چین کے خصوصی ایلچیوں محمد صادق اور یو شیاویونگ نے کابل میں افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی۔

افغان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے علاقائی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امارات اسلامی کے نقطہ نظر سے اقتصادی اور سیاسی تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی افہام و تفہیم کو باہمی احترام اور تعمیری روابط کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ چین اور پاکستان کے خصوصی ایلچیوں نے باہمی روابط کی بنیاد پر افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسائیگی کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وزرائے خارجہ کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا چھٹا دور کابل میں منعقد ہوگا۔پاکستانی سفیر نے ایکس پر کہا اس ملاقات کا مقصد تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان اسلام آباد میں منعقدہ پانچویں سہ فریقی مذاکرات پر پیش رفت کرنا، آئندہ چھٹے وزارتی دور کی تیاری کرنا اور سہ طرفہ سیاسی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔انہوں نے کہاکہ وفود نے اچھے ہمسائیگی کے تعلقات، علاقائی استحکام، باہمی احترام، اور مضبوط تعلقات کی بنیاد کے طور پر تعمیری روابط کے عزم پر زور دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سہ فریقی وزرائے خارجہ کے مذاکرات کا چھٹا دور کابل میں منعقد ہوگا تاہم اجلاس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ قبل ازیں چینی اور پاکستانی ایلچیوں نے افغان وزیر تجارت نورالدین عزیزی سے بھی ملاقات کی، وزارت کے مطابق اس ملاقات کا مقصد افغانستان، پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا اور مشترکہ منصوبے شروع کرنا تھا۔افغان وزیر نے باضابطہ طور پر اپنے پاکستانی اور چینی ہم منصبوں کو افغانستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ بات چیت کو مزید آگے بڑھایا اور تعاون کو وسعت دی جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں