بھارت کیخلاف کامیابی پر اظہار تشکر، فوج کو خراج تحسین کیلئے ریلیاں جاری

بھارت کیخلاف کامیابی پر اظہار تشکر، فوج کو خراج تحسین کیلئے ریلیاں جاری

راولپنڈی ،مری ،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ (نیوزرپورٹر،خبر نگار،کامرس رپورٹر،نمائندگان دنیا، اے پی پی )بھارتی جارحیت کیخلاف بنیان مرصوص آپریشن کی شاندارکامیابی پرملک بھر میں اظہار تشکر ریلیاں نکالنے کاسلسلہ جاری ہے ،یوم فتح منایا گیا۔

شرکا نے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جرات وبہادری کامظاہر ہ کرکے دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ شہری جشن مناتے رہے ، آتش بازی کی گئی، مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔ راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے لیاقت باغ سے ریلی نکالی جس میں سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر،صدر میونسپل لیبر یونین راجہ ہارون سمیت تین ہزار سے زائد ورکرز، طلبہ اورشہریوں نے شرکت کی اورکہا وطن عزیز کی حفاظت کیلئے جو بھی قربانی دینا پڑی، دینگے ۔ مری میں ریلیوں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا۔ ایمپلائز یونین میونسپل کارپوریشن،انجمن اتحاد مسیاڑی نے مال روڈودیگرمقامات پر ریلیاں نکالیں ، گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ لاہور میں ریلی کی قیادت پرنسپل رانا عبد القیوم اور وائس پرنسپل عبدالواحد نے کی ۔گورنمنٹ ہائی سکول بلاک نمبر 13 ٹاؤن شپ میں اظہار تشکر ریلی میں پرنسپل طارق ہاشمی، سماجی رہنما سرفراز خان،طلبہ ، اساتذہ کرام ودیگرنے شرکت کی ۔ طارق ہاشمی اور سرفراز خان کا کہنا تھا کہ ہماری پاک فوج نے پوری دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کر دیا ۔لاہور ہائیکورٹ میں وکلا برادری نے یومِ تشکر منایا۔ وکلا نے مٹھائی تقسیم کی اور پاک ا فو اج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

لاہور چیمبر آف کامرس نے صدر میاں ابوذر شاد کی زیرقیادت پرجوش اظہار یکجہتی ریلی نکالی ، شرکانے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔فضاپاکستان اور پاک فوج زندہ بادکے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی ۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں اظہار تشکر ریلی میں انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ بزدل دشمن کو دن کی روشنی میں تاریخی جواب دیا گیا۔ فیصل آباد کے نامور سپوت جیٹ فائٹر پائلٹ کامران شبیر مسیح بھارت میں گھس کر کامیاب حملوں پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی تقریب اور ریلی میں ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر رائوودیگرنے شرکت کی ۔تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں بھی ریلیاں نکالی گئیں ۔ ویمن یونیورسٹی ملتان میں پرووائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے ریلی سے خطاب میں کہا پاک فوج نے ازلی دشمن کو ناکوں چنے چبوا دئیے ۔ بہاولپور میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ نے تاریخی فتح پرجشن منایا ، آتش بازی کی گئی۔ ٹی ایم اے شاہ عالم پشاور کے زیراہتمام اظہارتشکرریلی کے شرکانے شامی روڈپرپہنچ کرپاک فوج کے جوانوں کو پھولوں کے ہارپہنائے ۔ ہزارہ ڈویژ ن میں اظہار یکجہتی ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اوگی ودیگرمقامات پر شہریوں نے پاک فوج کو سراہا۔ خیبر پختونخوا میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی فتح،دشمن کو دندان شکن جواب دینے اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کی خوشی میں گورنر ہاؤس پشاور سے پشاور پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں ملک کی مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کوہستان اپر میں یوم فتح منایا گیا۔ بھکر میں ڈپٹی کمشنر ودیگرنے اظہار یکجہتی ریلی نکالی ۔ مظفر آبادمیں انتظامیہ اور اہلیان پونا نے اظہار تشکر ریلیاں نکالیں، جامع مسجد پونا میں شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے ۔ ادھرسندھ میں کراچی، حیدر آباد ،بلوچستان میں کوئٹہ ،سبی ودیگرمقامات پرریلیاں نکالی گئیں۔ جیکب آباد میں ایم کیو ایم نے یومِ تشکر ریلی نکالی ۔ سینیٹر ڈنیش کمار پلیانی اور وزیر اقلیتی امور سنجے کمار پنجوانی کی ہدایت پر سبی میں اقلیتی برادری نے یومِ تشکر ریلی نکالی۔ مکھی عامر چنڈال ودیگرشرکانے انڈیا مردہ باد،پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ ریلیوں کا اختتام شہدا اورملکی ترقی و استحکام کی دعا ئوں کے ساتھ ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں