روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس 8 لاکھ سے تجاوز، 10 ارب ڈالر موصول

 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس 8 لاکھ سے تجاوز، 10 ارب ڈالر موصول

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث ان اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد آٹھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور ان کے ذریعے پاکستان کو تقریباً دس ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا ہے۔

قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2025 کے اختتام تک ایسے اکاؤنٹس کی تعداد 8 لاکھ 5 ہزار سے زائد ہو گئی جن سے 9.98 ارب ڈالر کی رقوم پاکستان منتقل کی جا چکی ہیں۔یہ رقم ترسیلات زر کے علاوہ سرمایہ کاری، عطیات اور دیگر مالیاتی لین دین کی مد میں ملک میں آئی جس سے معیشت کو نمایاں سہارا ملا ہے ۔روشن اپنی کار کے ذریعے اوورسیز پاکستانی اپنے اہلِ خانہ کے لیے پاکستان میں خصوصی شرائط پر گاڑیاں خرید سکتے ہیں، جبکہ سماجی خدمت کے پلیٹ فارم سے عطیات اور خیرات کی آسان، شفاف اور محفوظ ترسیل ممکن بنائی گئی ہے ۔اسی طرح ای کامرس، بلوں اور فیسوں کی ادائیگی، اور مقامی مالیاتی نظام سے مکمل ربط جیسی جدید سہولیات نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ایک موثر اور مربوط مالیاتی پلیٹ فارم مہیا کیا ہے ۔وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس نے پاکستان کو نہ صرف قیمتی زرِ مبادلہ کی فراہمی میں مدد دی بلکہ ایک ایسا نظام بھی تشکیل دیا جس نے اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں