’’پاکستان نے سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کی‘‘،بھارتی فوج نے اپنے میڈیا کا جھوٹ بے نقاب کردیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فوج نے ہی بھارتی میڈیا کا جھوٹ بے نقاب کر دیا، بھارتی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی طرف سے کسی بھی ڈرون کے بھارت کی حدود میں آنے کی کوئی اطلاع نہیں اور سیز فائر کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی، صورت حال پُرامن اور مکمل کنٹرول میں ہے۔
برکھا دت جیسے بھارتی صحافی اور میڈیا یہ جھوٹ پھیلا رہے تھے اورپاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا پروپیگنڈا کررہے تھے کہ پاکستانی ڈرونز بھارت میں گھوم رہے ہیں،ان کا یہ جھوٹ پکڑا گیا اور بھارتی فوج نے ہی اس حوالے سے وضاحتی بیان جاری کردیا اورواضح کردیا کہ کوئی پاکستانی ڈرون بھارتی حدود میں نہیں گیا۔خاتون صحافی برکھا دت کا کہناتھاکہ مودی کی نئی تقریر کے جواب میں ایسا ہوا ہے ۔ پاکستان کے سکیورٹی ذرائع نے بھارتی میڈیا کی خبروں کو جھوٹ پر مبنی قراردیااور کہاکہ پاکستان کے کسی بھی ڈرون نے سرحد یا لائن آف کنٹرول پار نہیں کی ،پاکستان سیز فائر کی مکمل پاس داری کر رہا ہے ،حقیقت میں بھارتی ڈرونز لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔