وفاقی وزیر کا لاہور ریلوے سٹیشن پر صفائی،سہولیات کا جائزہ
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،اے پی پی) وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جمعرات کو لاہور ریلوے سٹیشن کا اچانک دورہ کیا،صفائی ،کھانے کے معیار اور مسافروں کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ مسافروں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائیں۔ حنیف عباسی نے سٹیشن پر ایسکیلیٹر کی تنصیب کے جاری منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور حکام سے پیشرفت پر بریفنگ لی اورکہا منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ بزرگ افراد،خواتین اور بچوں کو سہولت میسر آ سکے ۔ وزیر ریلوے نے کہا ویٹنگ ایریا اور بزنس لاؤنج میں جاری ترقیاتی کاموں کی اپ گریڈیشن60 دن میں مکمل کی جائے ۔ جدید سہولیات فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے ویٹنگ ایریاز میں ایئر کنڈیشنرز کا کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ موسمِ گرما میں مسافروں کو پریشانی نہ ہو۔وفاقی وزیر نے پلیٹ فارم پر موجود مسافروں کے مسائل سنے اور سروسز بارے فیڈ بیک لیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ بہتر ین خدمات فراہمی کیلئے سرگرم ہے ۔ ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں ،عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنا ہمارا ہدف ہے ۔