پی ایس ایل:راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف سرچ آپریشن

پی ایس ایل:راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف سرچ آپریشن

راولپنڈی (خبر نگار)پی ایس ایل سیزن 10کے 17مئی سے دوبارہ آغاز سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا گیا،اس دوران سراغ رساں کتوں کی مدد سے کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف میں عمارتوں کو چیک کیا گیا اورتمام دکانیں بند کر دی گئیں۔

 آپریشن میں پولیس، سول ڈیفنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شامل تھے ،دوسری طرف چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایت پر راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 17 مئی تا 19 مئی 2025 تک پی ایس ایل کرکٹ میچز کے دوران شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک پلان جاری کر دیاگیاہے ، اس دوران ٹریفک پولیس کے 365 سے زائد افسران و ملازمین ڈیوٹی سرانجام دیں گے ، شہریوں کی رہنمائی کیلئے شاہراہوں پر متبادل روٹس و پارکنگ کے حوالے سے آگاہی بینرز آویزاں کرنے کے ساتھ آفیشل پیجز @ctprwp اور ایف ایم ریڈیو اسٹیشن 88.6 کے ذریعے ٹریفک صورتحال سے متعلق لمحہ با لمحہ آگاہی فراہم کی جائے گی۔ کرکٹ ٹیموں کی سٹیڈیم آمد اور روانگی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ ٹرن تک مکمل طور پر بند کیا جائے گا، اس دوران اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائیگا جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک تین مختلف مقامات چاندنی چوک ، رحمان آباد اور 6thروڈ چوک سے براستہ سید پور روڈ اسلام آباد میں داخل ہو سکے گی جبکہ غوثیہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا ، دوران میچ سٹیڈیم روڈ 9th ایونیو چوک سے ڈبل روڈ ٹرن تک دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند ہو گی،اسلام آباد 9th ایوینو سے آنے والی ٹریفک براستہ فیض آباد ایکسپریس وے اور IJP روڈ سے پنڈورہ چونگی، کٹاریاں، کیرج فیکٹری،پیرودہائی موڑ،چک مدد سے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی جبکہ راولپنڈی سے ڈبل روڈ براستہ 9th ایونیواسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ مری روڈ فیض آباد سے اسلام آباد داخل ہو سکے گی۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں