پیپلزپارٹی کا یو م تشکر ، حکومت سندھ کاشہد ا کیلئے امدادی پیکیج
کراچی (سٹاف رپورٹر) افواج پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو تاریخی شکست پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے یوم تشکر منایا گیا۔کراچی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے کلفٹن بلاول ہائوس کے قریب آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے ویڈیو پیغام میں پوری قوم کو آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ان دنوں یکجہتی کا مظاہرہ کیا،چاہتا ہوں یہ اتحاد ہمیشہ ہمارے درمیان رہے ،پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم آخری دم تک اس کا دفاع کرتے رہیں گے ، ہم دشمن کے آگے کبھی جھکیں گے نہ ڈریں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم مبارکباد دے رہے ہیں اپنی پوری قوم کو جو اس مشکل وقت میں ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح ملک کے دفاع کے لیے کھڑی رہی۔ اسی دن ہمارے شاہنوں نے بھارت کے رافیل سمیت 5 طیارے گرائے ،10 مئی کو بھارت نے میزائل مارے ، جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا، ہماری افواج نے بھارت کو دن میں تارے دکھا دئیے ،شہدا کے لیے حکومت سندھ کی طرف سے ایک، ایک کروڑ روپے ، زخمیوں کیلئے دس، دس لاکھ روپے کا اعلان کرتا ہوں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا بھارت کا ایشین ٹائیگر بننے کا خواب پاکستان نے چکنا چور کردیا، پوری دنیا میں یہ پیغام جاچکا ہے کہ پاکستان ہی ٹائیگر ہے ، اس جنگ کو ہمارے میڈیا اور سوشل میڈیا نے بھی جیتا ہے ۔