سینیٹ:افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنیکی قرارداد منظور
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )آپریشن بُنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر سینیٹ میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قرارداد پیش کی۔ جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔
قرار داد میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ، قرارداد میں علاقائی عالمی امن کے مکمل عزم کا اعاد کیا گیا ہے ،قرارداد میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو مسترد کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سلامتی کا مسئلہ قرار دیا گیا ،قرارداد میں پاکستان کی عوام کو بھی مبارکباد پیش کی گئی جنہوں نے سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی یکجہتی کا ثبوت دیا گیا ،قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ پروفیشنل ملٹری آپریشن پر ایئر فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،قرارداد میں بھارت کی طرف سے پاکستان میں مساجد معصوم شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان تمام مسائل کا حل ہمیشہ بات چیت سے حل کرنے کا خواہاں رہا ، پاکستان مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کا خواہش مند ہے ، قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان کسی بھی طرح کے مس ایڈونچر کا بھارت کو بھرپور جواب دیتا رہے گا ۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ ہماری ایئر فورس نے ثابت کیا مہنگے جہاز لینے سے دفاعی صلاحیت بہتر نہیں ہوتی ، میں ایئر فورس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، تمام عوام ا کٹھے ہوگئے ہیں، ہمارا دشمن بری نیت رکھنے والا ہے ، مودی کو پاکستان سے بہت نفرت ہے وہ آرام سے نہیں بیٹھے گا۔شبلی فراز نے کہا کہ ہمیں زیادہ محتاط ہونا ہوگا، اس کامیابی پر ہم چیزوں کو بڑھائیں، ہمیں اس پر خارجہ پالیسی میں فوائد حاصل کرنے ہیں، ہمارے دشمن نقصان پہنچانے کے لیے تاک پر رہیں گے ۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ان کے پاس وسائل زیادہ ہیں، ہمیں ملک میں سیاسی استحکام لانا ہوگا، سیاسی کیسز ختم کریں، سیاسی قیدی رہا کریں۔ شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ قیادت کو عوام کی سپورٹ حاصل نہیں ہے ، وہ قیادت عالمی سطح پر کامیاب ہوتی ہے جس کو عوام کی سپورٹ حاصل ہو ، حکومت وقت کو پتا ہے کہ جس دن پی ٹی آئی نارمل حالت میں آگئی تو یہ حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی ، خیبرپختونخوا کی خالی نشستوں پر الیکشن نہیں ہورہے ہیں، کیا خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی نمائندگی نہیں ہونی چا ہئے ۔ جس پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن نے میرے بارے سخت الفاظ استعمال کیے ، میری تربیت نہیں ایسے الفاظ استعمال کروں ، پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ جس جذبہ سے پاکستانی قوم نے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا قابل تحسین ہے ، چیف آف آرمی سٹاف اور پاکستان ایئر فورس کے جوانوں افسروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔