جنگ بندی کی خلاف ورزی پر فوری جواب دیاجائیگا:فوجی ترجمان
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تو فوری اور یقینی جواب دیا جائے گا۔
معرکہ بنیان مرصوص اور کشمیر پر ڈی جی آئی ایس پی آرنے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر تیز اور یقینی جواب کا عزم کا اعادہ کیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے سکائی نیوز سے گفتگو کرتے کہا جو بھی ہماری سرزمین، سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرے گا، ہمارا جواب بے رحمانہ ہو گا۔پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقت ہیں لہذا سنگین کشیدگی تباہی کا باعث ہو گی، اگر بھارت سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف جنگ کا محاذ کھڑا کر سکتا ہے تو یہ خطے میں تباہی کا باعث ہوگا۔ انہوں نے کہا امریکا جیسے ممالک جوہری خطرات کے پیش نظر بھارتی عزائم کو بخوبی جان چکے ہیں۔مسئلہ کشمیر پر انہوں نے کہا بھارت اس مسئلے کو اندرونی معاملہ قرار دیکر فوج کی بڑی تعداد کیساتھ کشمیریوں کو ہراساں کر رہا ہے ۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کو حل کرنا ہوگا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہم نے بھارت کی بہت بڑی مسلح افواج کے باوجود بہت بڑی فوجی فتح حاصل کی ہے ۔ بھارت اس بات پر ناراض ہے کہ امریکا اس بحران کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہا ہے ، امریکا کیلئے اصل امتحان یہ ہے کہ وہ بھارت پر کتنا دبائو ڈال سکتا ہے ۔