ڈیزل 2روپے لٹر سستا،پٹرول کی قیمت برقرار
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پٹرول کی قیمت برقرار رکھتے ہوئے ڈیزل 2 روپے سستا کر دیا۔وزارتِ خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا جو کہ آئندہ 15 روز تک نافذ العمل رہیں گی۔نوٹیفکیشن کے تحت ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر کمی کر دی گئی ہے جبکہ پٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے کمی کے بعد 254.64 روپے لٹر ہو گیا جبکہ پٹرول کی قیمت 252.63 روپے برقرار رہے گی۔مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 4 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے ، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 164 روپے 65 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے ۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 4 روپے 68 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 150 روپے 65 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے ۔