ترقیاتی بجٹ ، 248ارب کی اضافی 3833سکیمیں شامل
لاہور(محمد حسن رضاسے )پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں بڑا اضافہ کردیا، رواں مالی سال کے بجٹ میں 248ارب روپے کی مزید 3833ترقیاتی سکیمیں شامل کردی گئیں اورترقیاتی بجٹ 842ارب روپے سے بڑھا کر 1090ارب روپے کردیا ۔
سرکا ری دستاویزات کے مطابق صوبائی کابینہ نے ترقیاتی بجٹ کیلئے 248ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی ہے ، اضافی 3833ترقیاتی سکیموں کو رواں مالی سال بجٹ میں شامل کیاگیاہے جس سے ترقیاتی سکیموں کی تعداد4356 سے بڑھ کر 8189ہوگئی ہے ۔ذرائع کا کہناہے کہ محکمہ پی اینڈ ڈی کی جانب سے روڈسیکٹر کے لئے تقریبا 100 ارب روپے کی ترقیاتی سکیموں کی فہرست تیار کی گئی جس کیلئے دیگرترقیاتی سکیموں کے کچھ فنڈزبھی لئے گئے ،جس کی انوائس محکمہ خزانہ پنجاب کو بھیجی گئی لیکن چند روز میں ایک ہنگامی اجلاس بلا کر جاری ہونیوالا نوٹس واپس لیاگیا اور متعلقہ محکموں کو زبانی ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ خود کچھ ترقیاتی سکیموں کے مکمل نہ ہونے سے متعلق آگاہ کریں تاکہ ان سے متعلق بروقت فیصلے کئے جا سکیں،پراسس مکمل ہونے پر نئی سکیموں کا پلان مکمل کیاگیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کی 8189ترقیاتی سکیموں میں سے اب تک 2090مکمل ہو سکی ہیں جبکہ باقی ترقیاتی سکیموں پرکام کو تیز کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ واضح رہے حکومت پنجاب کا سب سے زیادہ فوکس روڈسیکٹر پرہے ،جس کے لئے رواں مالی سال میں 143 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا اوربعدازاں اسے بڑھا کر327ارب 52 کروڑ روپے سے زائد کردیا گیاہے ۔ پنجاب حکومت نے روڈ سیکٹر کیلئے 184ارب روپے کا بجٹ سپلیمنٹری گرانٹ سے منظور کروا یاہے ۔ محکمہ پی اینڈ ڈی حکام کے مطابق پنجاب حکومت نے نئی سکیموں میں روڈسیکٹر سمیت مختلف محکموں کی سینکڑوں سکیموں کو شامل کیا ہے جبکہ چیف سیکرٹری آفس حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال روڈسیکٹر کے لئے انتہائی کم سکیمیں لیکر آئیں گے ، رواں مالی سال ہم نے تقریباَََ تمام روڈز کو بہتر بنانے کا ٹاسک رکھا تھا ، چیف سیکرٹری آفس کاکہناہے کہ یہ سب وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا وژن تھا جس کو دیکھتے ہوئے روڈ سیکٹر پر زیادہ فوکس کیا گیا۔