9مئی سازش میں جوبیگناہ ہیں انہیں عام معافی دیدی جائے :گورنرسندھ
کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے یوم تشکر کے موقع پر ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج تمام سیاسی جماعتوں نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
جو ہمارے اتحاد اور مضبوطی کی اصل علامت ہے ،پوری قوم کہہ سکتی ہے کہ وہ کارکنان جو 9 مئی کی سازش میں بے گناہ تھے انہیں عام معافی دے دی جائے ۔بعد ازاں آپریشن بنیان مرصوص، افواج پاکستان کی شاندار کامیابی کے موقع پر گورنر ہاؤس سندھ میں یوم تشکر کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں شہدا کے اہل خانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی، اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ شرکا سے خطاب میں گورنر کامران ٹیسوری نے کہاکہ پاکستان کو آج جو مقام ملا ہے اس میں سب سے بڑا کردار شہدا کی مائوں کا ہے ۔ہمارے آرمی چیف عاصم منیر حافظ ہیں،انہوں نے قرآن و سنت پر عمل کرتے ہوئے جنگ کو جنگ کی طرح لڑا ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھنڈی کھانے والوں سے کہتا ہوں پنڈی والوں سے پنگا نہ لیں۔