بڑھکیں مارنے والے کومذاکرات کی میز پر آنا ہو گا:کائرہ
لاہور (سپیشل رپورٹر) ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بڑھکیں مارنے والے کومذاکرات کی میز پر آنا ہو گا،پاکستان نہ کوئی جنگ چاہتا تھا،نہ چاہتا ہے ،نہ چاہے گا۔مگر پاکستان پر جنگ مسلط نہ کی جائے ۔
اب مسئلہ کشمیر حل کرانے کا وقت آگیا ہے ۔اسکے حل تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو گا۔وہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عثمان ملک کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔قمر کائرہ نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کوگھمنڈ میں شکار قوم کیخلاف فتح دی ہے ،یہ قوم کو شاباش دینے اور سر بسجود ہونے کا دن ہے ۔اس معرکے میں ہم سیاسی ، عسکری، میڈیا کے میدان اور اخلاقی طور پر جیتے ہیں۔ پاکستان نے بڑے صبر سے بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ کیا اور بڑھکوں کا جواب بڑھکوں سے نہیں دیا ۔انکا کہنا تھا کہ حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کریگی،پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ یوم تشکر پر پروفیشنل افواج پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں, بھارت کو جو جواب دیا گیا دنیا سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ خدانخواستہ جنگ بڑھتی تو 20کروڑ لوگ ایٹمی جنگ میں مارے جاتے ۔زندہ رہ جانیوالے مر جانے کی دعا کرتے ۔