ایل او سی :آزاد کشمیر ہر مرد عورت کو عسکری تربیت دے :حافظ نعیم
ہجیرہ ، عباس پور (آئی این پی )جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمننے کہا ہے کہ شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا مودی سے بدلہ لیں گے ، حکومت آزاد کشمیر سیز فائر لائن کے ملحقہ علاقوں میں ہر مرد و عورت کو عسکری تربیت دے۔
جماعت اسلامی پاکستان اور پاکستان کے پچیس کروڑ عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ، فوج نے ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کیا ہے ، ٹرمپ اگر ثالثی کے نام پر تقسیم کشمیر کی کوئی بات کرے گا تو قوم تسلیم نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیز فائر لائن کے دورے کے دوران اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقاتیں کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی ، حافظ نعیم الرحمن نے پاک فوج کی شاندار فتح پر کنٹرول لائن پر موجود جوانوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور متاثرین سے بھی ملے ، انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کے خون سے بے وفائی کرنے والوں کو پاکستانی قوم عبرت کا نشان بنائے گی ۔