ملک بھر میں شدید گرمی ، لاہور کاپارہ 45 ڈگری ہوگیا
لاہور،اسلام آباد،کراچی،پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)لاہور سمیت ملک بھر میں سورج نے آگ برسانا شروع کر دی، شدید گرمی کی لہر برقرار، شدت مزید بڑھنے کا امکان۔۔۔
جیکب آباد کاپارہ 50سینٹی گریڈتک جاپہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بیشتر علاقے دو سے تین روز تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے ۔درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اورچند مقامات پر تیز بارش/ژالہ باری کاامکان ہے ۔جیکب آباد میں قیامت خیز گرمی سے متعدد افراد بیہوش ہوگئے ، لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت سے عوام بلبلا اٹھے ۔دادو کادرجہ حرارت 48 ،سبی، نوکنڈی اور موہنجوداڑو 46 ،فیصل آباد، ملتان، لاہور کادرجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ۔ پی ڈی ایم اے نے گرمی کی شدت پرہیٹ ویو کے خطرے کی وارننگ جاری کر دی ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج (پیر)کوصوبے کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہیٹ ویو کا سبب بن سکتا ہے ۔ راولپنڈی، اسلام آباد، مری ،پشاور اور ملحقہ علاقو ں میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، مری اور پشاورکے علاقوں میں طوفان کے باعث متعددسائن بورڈز اوردرخت گرنے سے 16 افراد زخمی ہوگئے ۔پشاورمیں افغان کالونی ،بیگم شہاب الدین گرلزسکول،سول کوارٹرز کے اطراف میں درخت گرنے سے دو خواتین سمیت متعددافراد زخمی ہوگئے ۔مری میں طوفان سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ، مرکزی جامع مسجد عبداللہ بن عباس کی چھت آندھی سے اڑگئی ،دوطالبعلم اور امام مسجد زخمی ہوگئے ،کلڈنہ موہڑہ شریف روڈپر درخت گرنے سے دوموٹرسائیکل سوار زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔