اب مزاحمت کا جواز ہے اور نہ ہی کوئی ماحول : وکیل پی ٹی آئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے و کیل فیصل چودھری نے کہا ہے کہ مزاحمت نہیں کرنی چاہئے اب نہ مزاحمت کا جواز ہے اور نہ ہی کوئی ایسا ماحول ہے ،کچھ لوگوں نے عمران خان کی رہائی میں کوئی قابل ذکر کردار ادا نہیں کیا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود ثمر عباس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاتحریک کس بنیاد پر چلائی جائے گی، اس کیلئے پہلے سیاسی ماحول بنانا پڑتاہے ، وہ ماحول موجود نہیں ،اب جو پاکستان بھارت جنگ سے نئی صورتحال بنی ہے اس وجہ سے مجھے مشکل لگ رہا ہے کہ کوئی تحریک چلائی جاسکے ، دوسری بات ابھی موسم بھی سخت ہے ، تحریک انصاف کا گرائونڈ ور ک بھی نہیں ،تحریک انصاف کی موجودہ لیڈر شپ نے پارٹی کو بڑانقصان پہنچایا ،آپس کی لڑائیاں بڑھا دی ہیں،اس چیز کا عمران خان ، ان کی فیملی کو نقصان ہو رہا ہے جو رہنما اور کارکن جیل میں ہیں،ان کو بھی نقصان ہو رہا ہے ۔ تحریک انصاف کی موجودہ لیڈر شپ معاملات کو حل کرنے سے قاصر ہے ، تحریک انصاف کی جانب سے حکومت اور مقتدرہ پر کوئی دبائو نہیں ،یہ بات بانی کو بھی سمجھنی ہو گی ، اگر سیاست کرنی ہے تو ٹیم کو بدلنا ہو گا،اس ٹیم کے ساتھ ان کا باہر آنا ناممکن ہے۔