حکومت کا وفد کو باہر بھیجنے کا فیصلہ بہت اچھا ، تھنک ٹینک

حکومت کا وفد کو باہر بھیجنے کا فیصلہ بہت اچھا ، تھنک ٹینک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ حکومت نے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے کہ وفد کو باہر بھیجنا ضروری ہے، اس میں ایک بات یہ بھی ہے جو ہم اسمبلی میں اکثر کرتے ہیں کہ وہ باہر جاکر بات نہیں کرسکتے، دوسری بات، ایمبیسیز جو کام کرتی ہیں وہ اپنے ہم خیال لوگوں سے ملواتی ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وفد کو مکمل تیاری کے ساتھ جانا چاہئے ۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے بلاول بھٹو کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دینا ، حکومت کا بہت اچھا اور بروقت فیصلہ ہے ۔ خارجہ محاذ بھٹو خاندان کا آئیڈیل ہے ، بلاول بھٹو قابل انسان ہیں ،بہترین انداز میں پاکستان کا موقف دنیا میں پیش کرینگے ، تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا ہے کہ اس وفد میں بلاول بھٹو، حنا ربانی،جلیل عباس جیلانی دیگر جو شامل ہیں یہ موثر طریقے سے پاکستان کا مقدمہ دنیا میں لڑ سکتے ہیں، اس مقدمے کو پاکستان کیلئے لڑنا مشکل نہیں ہے ،نیو یارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے پاک بھارت جنگ کے دوران بڑھ چڑھ کر جھوٹ کو پھیلایا، کچھ بھارتی لوگوں نے میڈیا کے سامنے جو معافی مانگی ہے کہ ہم نے غلطی کی ، جھوٹی بات کو زیادہ پھیلایا،یہ حقائق ہیں جس کا کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ تجزیہ کا ر خواجہ عمران رضا نے کہا ہے کہ جنگ ہم نے جیت لی ہے ،بھارت کا سپر پاورسٹیٹس کا خواب تبا ہ ہو گیا ،اب وہ سفارتی محاذ پر آرہے ہیں،لہذا ہمیں بڑے موثر طریقے سے دنیاکو قائل کرنا ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں