ملکی سلامتی کیخلاف کام کرنیوالی 1 لاکھ 19 ہزار ویب سائٹس بند

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ 19 ہزار 496 ویب سائٹس کو بلاک کر دیا۔
ان ویب سائٹس پر پاکستان مخالف اور قومی سلامتی کیخلاف مواد نشر کیا جا رہا تھا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر موجود 3 ہزار 248 یوٹیوب لنکس کو بھی بلاک کر دیا گیاہے ،ادارے کا کہنا ہے کہ بند کی گئی ویب سائٹس کی تفصیلات سکیورٹی وجوہات پر ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔ پی ٹی اے نے ملک میں یوٹیوب کی بندش سے متعلق خبروں کو مسترد کر دیا ۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ یوٹیوب یا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر زیر گردش پریس ریلیز دراصل ستمبر 2012 کی ہے ، جس کا موجودہ حالات سے کوئی تعلق نہیں۔ عوام درست معلومات کیلئے صرف پی ٹی اے کی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو چیک کریں۔ذرائع کا کہناہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ریاست اور فوجی قیادت کیخلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے بڑے پاکستانی یوٹیوبر پی ٹی اے کے ریڈار پر آگئے ہیں اورانکی فہرستیں مرتب کرکے حکومت سے یوٹیوب چینلز فوری بند کرنے کی اجازت مانگ لی گئی ہے ۔ پی ٹی اے کی فہرست میں عمران ریاض، صابر شاکر، صدیق جان اور شہبازگل کے نام شامل ہیں، پی ٹی اے احمد نورانی اور وقار ملک کے یوٹیوب چینلز پاکستان میں بلاک کراچکی ہے ۔پی ٹی اے دیگر یوٹیوبرز کے چینلز کی بندش کیلئے بھی اجازت کی منتظر ہے ، پی ٹی اے کو ابھی تک حکومت سے کارروائی کی منظوری نہیں ملی۔ فوج کیخلاف پراپیگنڈا کرنے والوں کی فہرست یوٹیوب انتظامیہ کو ارسال کردی گئی ہے۔