سی ڈی ڈبلیوپی:اسلام آباد سیف سٹی توسیع سمیت249ارب کے10ترقیاتی منصوبے منظور

سی ڈی ڈبلیوپی:اسلام آباد سیف سٹی توسیع سمیت249ارب کے10ترقیاتی منصوبے منظور

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں )سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے اسلام آباد سیف سٹی توسیع سمیت 249 ارب روپے کے 10 ترقیاتی منصوبے منظور کر لیے ، سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ،خصوصی و اقدامات اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا ۔

مجموعی طور پر 10 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ان میں سے 4 منصوبے جن کی لاگت 21.83 ارب روپے ہے ، سی ڈی ڈبلیو پی نے خود منظور کئے جبکہ 6 بڑے منصوبے جن کی مالیت 227.34 ارب روپے بنتی ہے ایگزیکٹو کمیٹی آف دی نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) کو حتمی منظوری کے لئے بھجوا دیا گیا۔ ،اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کی توسیع کیلئے 7499.339 ملین روپے منظور کیے گئے ،اس منصوبے کے تحت 3655 نئے کیمرے نصب کئے جائیں گے جس سے دارالحکومت کے 100 فیصد حصے کی نگرانی ممکن ہو جائے گی۔ منصوبے میں جدید سافٹ ویئر، خودکار نمبر پلیٹ شناختی نظام، چہرہ شناختی سسٹم اور ٹریفک مینجمنٹ کو شامل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ انٹیگریٹڈ ویڈیو مینجمنٹ سسٹم، سرورز، پی ٹی زیڈ کیمرے اور دیگر آلات بھی فراہم کئے جائیں گے ۔اجلاس میں اعلٰی تعلیم ،نیشنل سینٹر فار کوانٹم کمپیوٹنگ کے لئے 3318.363 ملین روپے مالیت کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اِن پاکستان (نظرثانی شدہ) کا 21190.777 ملین روپے کا منصوبہ ایکنک کو بھجوا دیا گیا ۔منصوبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے چلایا جائے گا۔

ٹرانسپورٹ و مواصلات کے منصوبے میں سرگودھا۔خوشاب۔میانوالی روڈ کی دو رویہ تعمیر (60.43 کلومیٹر) کے لئے 11806.516 ملین روپے کی لاگت سے منصوبہ ایکنک کو بھیجا گیا۔ اس میں پل، فلائی اوور، سڑک کی چوڑائی اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔نیازی انٹرچینج سے بابو صابو انٹرچینج لاہور تک کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈور 10842.253 ملین روپے مالیت کا منصوبہ ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔ گوجرانوالہ سے کوٹ سرور (M-2) تک سڑک کی دو رویہ تعمیر (74.15 کلومیٹر)13230.672 ملین روپے کا نظرثانی شدہ منصوبہ بھی ایکنک کو بھیجا گیا۔ ریلوے ٹریک مینٹی ننس مشینوں کی بحالی کے لئے 5312.876 ملین روپے مالیت کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔قومی شاہراہ N-5 کی بحالی و تعمیر نو (210 کلومیٹر) کیلئے 155408.403 ملین روپے مالیت کا منصوبہ ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔ ماحولیات ،پنجاب کلین ایئر پروگرام (PCAP)\"کے لئے 5700.351 ملین روپے مالیت کا منصوبہ منظور کیا گیا، جو غیر ملکی مالی امداد سے مکمل ہوگا۔ اس میں الیکٹرک بسوں، ایئر کوالٹی مانیٹرنگ، فیول ٹیسٹنگ، اور فصلوں کی باقیات جلانے کے متبادل شامل ہیں۔چشتیاں تا چک 46/3R سڑک کی دو رویہ تعمیر کا منصوبہ 14.8 ارب روپے میں مکمل ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں