بلاول کیخلاف عدالتوں میں سیاست کرنیوالے انکی عوامی پذیرائی سے خوفزدہ: پرویز اشرف

بلاول کیخلاف عدالتوں میں  سیاست کرنیوالے انکی عوامی  پذیرائی سے خوفزدہ: پرویز اشرف

لاہور(سپیشل رپورٹر)سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے چیئرمین بلاول بھٹو کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول کیخلاف عدالتوں میں سیاست کرنیوالے انکی عوامی پذیرائی سے خوفزدہ ہیں، رٹ پٹیشن بدنیتی پر مبنی ہے ۔

 ایسے عناصر جعلی درخواستوں کے نام پر عدلیہ کا وقت ضائع کرتے  ہیں،بلاول بھٹو کے بطور چیئرمین انتخاب کی توثیق الیکشن کمیشن بھی کر چکا ہے ۔ گمراہ کن پٹیشن کا مقصد سیاست کو آلودہ کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ دریں اثناراجہ پرویز اشرف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد دیتے کہا ہے کہ حکومتی فیصلہ قابل ستائش ہے ، انکی عسکری قیادت اور پیشہ ورانہ مہارت پر قوم کو فخر ہے ، انہوں نے بنیان مرصوص آپریشن کے ذریعے دشمن کو دندان شکن جواب دیا اور وہ ولولہ انگیز عسکری قیادت کے حامل ہیں، جنرل عاصم منیر کی زیر قیادت پاک فوج نے اہم معرکہ سر کیا۔پرویز اشرف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف ظہیر بابر کی خدمات کی بھی تعریف کرتے کہا انکی مدت ملازمت میں توسیع ، شہدا اور غازیوں کو اعلیٰ سرکاری اعزازات سے نوازنے کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں