آئی ایم ایف نے ٹیکس ہدف250ارب روپے کم کردیا
اسلام آباد (مدثرعلی رانا)ایف بی آر نے آئی ایم ایف میٹنگ میں بتایا کہ آئندہ مالی سال 14 ہزار 307 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل نہیں ہو سکتا، جس پرآئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کیلئے ایف بی آر کے ٹیکس ٹارگٹ میں تقریبا ً250 ارب روپے تک کمی کر دی۔
ذرائع کاکہنا ہے اب ایف بی آر کیلئے 14050 سے 14100 ارب روپے ٹیکس ہدف رکھا جائے گا، آئی ایم ایف وفد کیساتھ آج بھی سٹیٹ بینک حکام اور معاشی ٹیم کے مذاکرات ہونگے ، بجٹ پر وفد کیساتھ مذاکرات کا فائنل راؤنڈ کل ہو سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کیلئے 14 ہزار 307 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر کیا جائے تو 250 ارب روپے تک شارٹ فال آ سکتا ہے ۔گزشتہ روز کی میٹنگ میں آئی ایم ایف نے ٹیکس ہدف میں نظرثانی کرتے ہوئے کمی کی ہے ، رواں مالی سال کیلئے بھی ٹیکس ہدف پر نظرثانی کر دی گئی ۔ آئی ایم ایف نے یہ تجویز دی کہ درآمدی گاڑیوں پر پابندی کو ختم کیا جائے اور 3 سال کی بجائے 5 سال تک پرانی گاڑی امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے جس کے باعث کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں مزید ٹیکس اکٹھا ہو سکے گا۔ دنیا نیوز کے نمائندے نے خبر کی تصدیق کیلئے چیئرمین ایف بی آر اوربورڈ ممبران سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن خبر فائل کرنے تک حکام سے بات نہ ہوسکی۔