چینی سفیر کا ایئرہیڈکوارٹرز کا دورہ،ایئرچیف سے ملاقات

چینی سفیر کا ایئرہیڈکوارٹرز کا دورہ،ایئرچیف سے ملاقات

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں صنعتی تعاون، دفاعی شعبے اور خطے کی بین الااقوامی تزویراتی صورتحال سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، دونوں رہنمائوں میں علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ہم آہنگی اور تعاون پر مبنی لائحہ عمل اختیار کرنے اور نئے ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے آپریشنل تیاریوں اور باہمی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔ایئر چیف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تاریخی اور لازوال تعلقات باہمی اعتماد، تزویراتی ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام کی مشترکہ خواہشات کا مظہر ہیں ۔ انہوں نے دونوں ممالک کو "آئرن برادرز" کا نام دیا، اور اس امر پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کے روابط گزشتہ دہائیوں میں بہت مضبوط ہوئے جبکہ مستقبل میں باہمی تعاون اور شراکت داری کے ذریعے مزید تقویت پائیں گے ۔

سربراہ پاک فضائیہ نے بھرپور حمایت اور غیر متزلزل دوستی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کو دفاعی جدت سے ہمکنار کرنے ، تکنیکی ترقی، بالخصوص انسانی وسائل، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تحقیق و ترویج کے شعبوں میں چین کی جانب سے پاکستان کو فراہم کردہ مدد پر، اظہارِ تشکر کیا اور ابھرتے ہوئے خطرات کے مقابلے میں مشترکہ جوابی کارروائیوں، وسیع پیمانے پر مشترکہ آپریشنل مشقوں اور کثیرالجہتی فریم ورک کے قیام کے لئے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔چینی سفیر نے مشرقی محاذ پر حالیہ جنگ کے دوران پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی جانب سے پیش کردہ بے مثال آپریشنل مہارت کی تعریف کی اور اس فتح کو پاک فضائیہ کے اعلیٰ معیار اور قومی دفاع کے اسکے غیر متزلزل عزم سے منسوب کیا۔ چینی سفیر نے چین کی جانب سے بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پاک فضائیہ کو اسکی فضائی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے مکمل تکنیکی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ، چینی سفیر نے کہا کہ ملکی سطح پر ٹیکنالوجی کے فروغ میں مسلسل بہتری پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت بخشے گی۔۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں