جرائم پیشہ افراد کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کرینگے : مریم نواز

جرائم پیشہ افراد کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کرینگے : مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گزشتہ روز ہوا، اجلاس میں آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور اس موقع پر ارکان اسمبلی نے قائد محمد نواز شریف، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور متفقہ قرارداد منظور کی گئی کہ اجلاس بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت اور بلاجواز جنگ مسلط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس میں معصوم بچوں، خواتین سمیت پاکستان کے عام شہریوں اور مساجد کو شہید کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کوپہلے جامع اور منفردبیوٹی فکیشن پلان اور ہر پراجیکٹ کے بارے میں خودتین گھنٹے طویل بریفنگ دی۔ مریم نواز نے کہا کہ صوبہ بھر میں بڑے منصوبے شروع کرینگے جبکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کیاجائے گا۔ انہوں نے صوبہ بھر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان لانے کا اعلان کیااور 60 شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اسی سال مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔مریم نواز نے 800 گاؤں کو بتدریج ماڈل ولیج بنانے کا اعلان کیا۔ ارکان اسمبلی کی مشاورت سے دیہات میں 400کلو میٹر چھوٹی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا اعلان بھی کیا۔ اجلاس میں 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کے تمام اضلاع کو دینے کا اعلان کیا ۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس سروس جبکہ لاہور کینال روڈ پر اے آر ٹی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ بھی جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔ نادار اور ضرورت مندوں کیلئے راشن کارڈ لانچ کئے جائیں گے جبکہ ہر بڑے شہر میں واسا قائم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدہ کروں گی پورا کروں گی،بڑے منصوبوں کا آغاز جلد ہوگا ، کوئی ڈسٹرکٹ یا تحصیل بیوٹی فکیشن پلان سے محروم نہیں رہے گا۔ اجلاس اپنے تمام شہدا کو مریم نواز نے ہیٹ ویو کے پیش نظر ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں الرٹ رہنے کا حکم دیا اورعوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی اور بچوں کو گھر میں محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے تمام سرکاری ونجی سکولوں میں اوپن ایئر سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم بھی دیا اور عوام کو چھتوں پر پرندوں کے لئے پانی رکھنے کی ہدایت کی۔بعدازاں مریم نواز نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیااور خضدار میں سکول وین پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس مشکل گھڑی میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے سانحے میں زخمی ہونے والے افراد کے علاج میں تعاون کی پیشکش بھی کی اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی ا ور تعزیت کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں