کمسن بچوں کیلئے مفت ــ سی ایم انسولین کارڈ کا آغاز : مریم نواز خود مریضوں کے گھر پہنچ گئیں
لاہور(دنیا نیوز)پنجاب میں ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا کمسن بچوں کیلئے سی ایم انسولین کارڈ کا آغاز کر دیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف خود رائیڈر کے ساتھ انسولین کارڈ لے کر گھروں میں پہنچ گئیں،ان کا کہنا تھا کہ وہ ذیابیطس میں مبتلا بچوں کی تکلیف اور پریشانی سمجھ سکتی ہیں،خریدنے کی سکت نہ رکھنے والے خاندانوں تک دوا یا انسولین حکومت پہنچائے گی۔
مریم نواز نے لاہور میں سبزہ زار کیو بلاک کے واسع عدنان اورجمیل ٹاؤن کی زینب وحید اور زین شہزاد کو ان کے گھر جاکر سی ایم انسولین کارڈاور انسولین،گلوکو میٹر،بی ایس آر سٹرپس اور نیڈل کا باکس دیا،وہ کمسن واسع عدنان کی دادی سے گلے ملیں۔ تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا واسع پیدائشی طور پر ذیابیطس کا شکار ہے ، وزیر اعلیٰ نے پانچ سالہ واسع عدنان کو کاربھجوانے کا وعدہ بھی کیا۔ ان کی آمد پر چھتوں اور گلیوں کے اطراف میں عوام کا ہجوم ا مڈ آیا،بچیوں نے ان پر پھول نچھاور کرکے خیر مقدم کیا ۔مریم نواز نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنی آپ کو اپنے بچوں کی فکر ہے اس سے کہیں زیادہ مجھے آپ کے بچوں کی فکر ہے ۔ کمسن بچوں کے لئے فری انسولین پروگرام ماں کے دل کی آواز پر شروع کیا گیا،بچوں کی صحت سب سے زیادہ اہم ہے ۔ بچے قوم کا مستقبل ہیں ان کے لئے سارے وسائل حاضر ہیں، بچوں میں ذیابیطس کے مرض کا تیزی سے پھیلاؤ قابل فکر امر ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ کو انسولین کارڈ پروگرام کے بارے میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ فری انسولین پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 1500بچوں کو گھر کی دہلیزپر انسولین فراہم کی جائیگی۔ ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچے این سی ڈی کلینک، مریم نوازہیلتھ کلینک یا ہیلتھ لائن ایپ 1033پر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچوں کے لئے ڈسٹرکٹ یاتحصیل ہیڈکوارٹر میں سہ ماہی فالو اپ چیک اپ لازمی قرار دیا گیا ہے۔