طوفان بادو باراں 4جاں بحق، متعددزخمی

 طوفان بادو باراں   4جاں بحق، متعددزخمی

اسلام آباد، راولپنڈی ،مظفر آباد، پشاور، کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد، کشمیر، پختونخوا ، بلوچستان میں آندھی ، طوفان بادوباراں ،بارش اور کلائوڈ برسٹ سے 4 افراد جاں بحق اور متعددزخمی ہوگئے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے ، مظفرآباد کے نواحی علاقے بلگراں میں بادل پھٹنے (کلاؤڈ برسٹ)کے باعث ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہوگئے ۔چار مکانات اور ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا ۔ کوٹلی میں آندھی اور بارش کے مختلف حادثات میں متعدد شہری زخمی ہو گئے ۔ ہری پور اور نوشہرہ میں دیوار گرنے کے واقعے میں بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے ۔ شانگلہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب اور کے پی میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ ادھر کوہستان کے علاقے لوئر کوہستان میں شاہراہِ قراقرم پر طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات پر بند ہو گئی ۔ ڈی پی او کوہستان نے تمام تھانوں اور چوکیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں