مودی گولی چلائے گا تو ہم غوری چلائیں گے : حافظ نعیم

مودی گولی چلائے گا تو ہم غوری چلائیں گے : حافظ نعیم

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ جوہری قوت ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا پاکستان کے لیے ناقابل فراموش تحفہ ہے۔

  جوہری صلاحیت کی بدولت پاکستان کو دنیا بھر میں سر اٹھا کر جینے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ہمیں کسی سے دبنے اور ڈرنے کی ضرورت نہیں،مودی گولی چلائے گا تو ہم غوری چلائیں گے ،نوجوان مایوس نہ ہوں، متحد ہوکر ان لوگوں کا قلع قمع کریں جو پاکستان کے اندر تقسیم کا باعث بن رہے ہیں۔ یوم تکبیر و قدیر کے موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قبر پر فاتحہ خوانی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہم اس کے محافظ ہیں، بھارت سے مذاکرات میں کشمیر بات چیت کا ایجنڈا نہیں تو کوئی بات نہیں ہونی چاہیے ۔ عالمی طاقتیں پاکستان کو تقسیم اور کمزور کرنا چاہتی ہیں، قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر انہیں ناکام بنائے ۔ اس موقع پر انہوں نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر کی قبر پر پھول نچھاور کئے اور مرحوم کے لئے بلندی درجات کی دعا کی۔امیر جماعت نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہاروں سے نکال دیا گیا، شہباز حکومت نے یوم تکبیر کے اشتہارات پر اپنے اور بھتیجی سمیت خاندان والوں کی تصاویر لگائیں مگر ڈاکٹر عبد القدیر کی تصویر نہیں لگائی، یہ باعث شرم ہے ۔ نوجوانوں سے اپیل کرتاہوں کہ پاکستان کے خلاف کسی کارروائی میں شامل نہ ہوں اورنفرت نہ پھیلائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں