9 مئی :ریکارڈ پیش نہ کرنے پرایڈمن جج کا پراسیکیوٹر کو مراسلہ
لاہور (محمد اشفاق سے )سپریم کورٹ کی 9 مئی کے کیسز کو 4 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کے باوجود پراسیکیوٹرز کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کو مراسلہ بھجوادیا ۔
اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کو مراسلہ میں لکھا کہ آپ کے علم میں ہے کہ 9 مئی کے 14 کیسز لاہور انسداد دہشتگری عدالت میں زیر سماعت ہیں سپریم کورٹ کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر ان کیسز کی سماعت جاری ہے کسی بھی سماعت پر ڈپٹی پراسیکیوٹر کے پاس کیسز کا ریکارڈ نہیں ہوتا، ریکارڈ کی عدم دستیابی کے باعث گواہان کے بیانات قلمبند نہیں ہو پاتے ان وجوہات کی بنا پر سپریم کورٹ کی 4 ماہ میں 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ کرنے کی ہدایت پر عملدرآمد میں مشکل پیش آ رہی ہے ۔ہر سماعت پر زیادہ سے زیادہ گواہان کے بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے ضروری اقدامات کیجیے ، جج منظر علی گل نے مراسلے میں واضح کہاکہ طلبی کے باوجود ریکارڈ پیش نہ کیا گیا بصورت دیگر میں قانون کے مطابق کارروائی کروں گا۔